محمد بشارت
کوٹرنکہ//دو لاکھ آبادی پر مشتمل سب ڈسٹرکٹ کوٹرنکہ کے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنڈی کوٹرنکہ میں گزشتہ ایک سال سے الٹرا ساونڈ مشین بند پڑی ہے اور لوگوں کو گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی لوگوںنے بتایا کہ ریڈیا لوجسٹ نہ ہونے کی وجہ سے حاملہ خواتین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، خواتین کو تشخیص کے لیے 40کلو میٹر راجوری جی ایم سی یا پرائیوٹ کلینکوں میں در بدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں۔
الٹرا سائونڈ مشین اندرونی مسائل کی نشاندہی کے لیے انتہای موثر ہے تاہم مشین بے کار ہونے کی وجہ سے علاج ومعالجہ متاثر ہورہا ہے۔مقامی لوگوں نے ایم ایل اے بدھل جاوید اقبال چوہدری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کوٹرنکہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے اور عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جائیں کیونکہ غریب لوگ علاج کی خاطر راجوری یا جموں کے پرائیوٹ کلینکوں میں خرچہ برداشت نہیں کر سکتے ہیں اور لوگوں کی غربت اور پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد الٹرا سائونڈ مشین کے لیے ریڈیا لوجسٹ کا بندو بست کیا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔چیف میڈیکل افسر راجوری نے بتایا کہ انہوں نے سنیچر وار کے دن ڈاکٹر کی ڈیوٹی لگادی ہے کہ وہ الٹرا سائونڈ کرے تا ہم بلاک میڈیکل افسر کنڈی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کو ایک دن سنیچر وار کو الٹرا سائونڈ کیا جا تا ہے ۔