کمسن بچیوں کی عصمت ریزی اور قتل سے ملک کی شبیہ مجروح : ہیما مالنی

متھرا//بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور متھرا سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ ہیمامالینی نے ملک بھر میں کمسن بچیوں کی عصمت ریزی اور قتل جیسے سنگین جرائم میں اچانک اضافے پر آج اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک کی شبیہ بری طرح مجروح ہورہی ہے۔ آج صبح یہاں بھگت سنگھ پارک سے 'اسکول چلومہم' کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد  ہیمامالینی نے کہا کہ یہ مسئلہ انتہائی سنگین اور تشویشناک ہے اور ایسی جرائم کی لعنت کو روکنے کے لئے ضروری اقدام کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ "ہماری حکومت ایسے جرائم کی روک تھام کے لئے عہد بند ہے اور بچیوں کی عصمت ریزی جیسے سنگین گناہوں میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت قانون لانے کے لئے ہر ضروری اقدام کرے گی۔ ہمیں بچوں اور ان کے والدین کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے"۔بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی پروگرام میں شرکت کرتے وقت والدین کو اپنے بچوں کی نگہداشت کی ذمہ داری لینی چاہئے۔ہیمامالینی گزشتہ دو روز سے اپنے پارلیمانی حلقہ کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز انہوں نے ورنداون میں اپنی نئی رہائش گاہ پر 'چریہا پرویش' کا اہتمام کیا تھا، جس میں ان کے شوہر اور بالی ووڈ اسٹار دھرمیندر بھی موجود تھے۔