کلچرل اکادمی کے زیراہتمام محفل مشاعرہ وموسیقی

 جموں//ریاستی اکادمی برائے فن،ثقافت اورلسانیات کے شعبہ گوجری کے زیراہتمام کے ایل سہگل ہال جموں میں ایک روزہ رنگارنگ محفل مشاعرہ وموسیقی کااہتمام کیاگیاجس میں مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والی معرزشخصیات ،دانشوروں اورمعززشہریوں نے شرکت کی ۔اس دوران پروگرام کاافتتاح سابق ریاستی وزیرمیاں الطاف احمدنے کیاجبکہ نامورصحافی اور ڈپٹی ڈائریکٹرآئوٹ ریچ بیورو (آئی آئی ایس ) نیہاجلالی مہمان خصوصی تھیں۔اس کے علاوہ افتتاحی تقریب میں ریاستی کلچرل اکادمی کے سیکریٹری ڈاکٹرعزیزحاجنی ،سابق ایم ایل سی چوہدری گلزاراحمد،نامورگوجری وپہاڑی ادیب کے ڈی مینی، موہن سنگھ،ڈاکٹرجتندرادہم پوری،عر ش صہبائی ،شبیرمجاہد، رخسانہ جبین ،احمدشناس ،چوہدری عبدالرشید ،چوہدری جماعت سماجی کارکن ودیگربھی موجودتھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ریاستی وزیر میاں الطاف احمد نے ریاستی اکادمی برائے فن،ثقافت اورلسانیات کی گزشتہ تین برسوں کے دوران ہنر،کلچراورگوجری سمیت مختلف زبانوں کے فروغ کیلئے کی گئی کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے کہاکہ کلچرل اکادمی کی تاریخ میں اکادمی کی کارکردگی موجودہ وقت میںسب سے زیادہ فعال اورمتحرک نظرآتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی کلچرل اکادمی نے گزشتہ کچھ تین چارسال میں جوفن،ثقافت اورلسانیات کی ترقی کیلئے رول اداکیاہے، اسے ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔نیہاجلالی نے اپنے خطاب میں گوجری ادباء،شعرااورفنکاروں کوزبان وادب،کلچراورثقافت کے تحفظ کیلئے جوش وجذبے کے ساتھ انجام دیئے جارہے کام کوسراہا۔قبل ازیں ریاستی کلچرل اکادمی کے سیکریٹری ڈاکٹرعزیزحاجنی نے موجودہ تیزرفتاردورمیں زبان،ثقافت اورفن کے تحفظ کیلئے پالیسی سازوں کے رول کواُجاگرکیا۔انہوں نے کہاکہ پالیسی سازچھوٹی زبانوں اورمختلف طبقوں کی ثقافت کومحفوظ بنانے میں کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں۔محفل مشاعرہ اورموسیقی کے دوران 20فنکاروں نے گیت اور30شعراء نے اپناکلام پیش کرکے سامعین کومحظوظ کیا۔اس دوران تقریب کی نظامت کے فرائض شعبہ گوجری ریاستی کلچرل اکادمی کے سربراہ ڈاکٹرشاہنوازنے انجام دیئے۔واضح رہے کہ ڈاکٹرشاہنوازنے حال ہی میں شعبہ گوجری کی کمان سنبھالی ہے اورشعبے کی کارکردگی کوبہتربنانے کیلئے ہمہ تن کوششوں میں مصروف اورسرگرم نظرآرہے ہیں۔