نئی دہلی// ملک میں کوروناوائرس کے مسلسل بڑھتے خطرے کو کنٹرول کرنے کے لئے جانچ کا دائرہ مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور 29 اگست کو ایک دن میں اب تک کے ریکارڈ دس لاکھ 55 ہزار 27 نمونوں کی جانچ کی گئی۔اس سے پہلے 21 اگست کو ریکارڈ 10 لاکھ 23 ہزار 836 کورونا جانچ کی گئی تھیں اور ایک دن میں دس لاکھ سے زیادہ انفیکشن ٹیسٹ کرنے والا دنیا میں ہندوستان تیسرا ملک بنا تھا۔اتوار کو انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، 29 اگست تک ملک بھر میں کورونا وائرس کے کل چار کروڑ 14 لاکھ 61 ہزار 636 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے ۔ اس میں سے ، ہفتے کے روز ایک دن کے ریکارڈ 1055027 نمونوں کی جانچ کی گئی۔کونسل کے مطابق 28 اگست کو نو لاکھ 28 ہزار 761 نمونوں کی جانچ کی گئی۔دوسری طرف ، صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے ذریعہ آج جاری کردہ اعداد و شمار میں ، ملک میں کورونا وائرس کے معاملات کم نہیں ہورہے ہیں۔ ہفتے کی صبح وزارت صحت کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں انفیکشن کے سب سے زیادہ 78761 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی مجموعی تعداد 3542734 تک پہنچ گئی ہے ۔پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ، انفیکشن کی وجہ سے 948 متاثرہ افراد کی موت ہوگئی ہے اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 63498 ہوگئی ہے ۔ اب تک 2713934 مریض اس انفیکشن سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔
چار ریاستوں میں 55.26فیصد مثبت کیس
نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کے کل فعال معاملوں میں آدھے سے زیادہ ، یعنی55.26 فیصد مہاراشٹر ، آندھرا پردیش ، کرناٹک اور تمل ناڈو میں ہیں۔ملک میں کورونا کے کل 7،42،023 فعال معاملے ہیں جن میں سے 422973 معاملے ان چار ریاستوں میں ہیں۔ یہ کل فعال معاملات کا 55.26 فیصد ہے ۔ مہاراشٹر میں 185467، آندھرا پردیش میں 97681، کرناٹک میں86465اور تمل ناڈو میں 52726 زیر علاج مریض ہیں۔اتوار کی صبح صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ، ملک میں کورونا کے ریکارڈ 765302 معاملے ہونے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 35،42،734 ہوگئی ہے ۔
بیرونی ممالک سے1212ہندوستانی شہریوں کی وطن واپسی
چنئی// عالمی وبائی مرض کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے سبب نافذ لاک ڈاؤں اور ایئر لائن سروس پر پابندیوں کی وجہ سے گزشتہ پانچ مہینے سے 10 مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے 1212 ہندوستانی شہریوں کو 12 خصوصی طیاروں میں یہاں بین الاقوامی ہوائی اڈے لایا گیا۔ یہاں پہنچتے ہی لوگوں اور ان کے رشتہ داروں نے راحت کی سانس لی اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ہوائی اڈے کے ذرائع کے مطابق امریکہ، ابوظہبی، کویت، شارجہ، بحرین، عمان، دبئی، قطر، جدہ اور سری لنکا میں پھنسے ہوئے ہندوستانی شہریوں کو خصوصی طیاروں کے ذریعے یہاں لایا گیا ہے ۔ لازمی میڈیکل چیک اپ اور امیگریشن کلیئرنس کے بعد تمام 1212 مسافروں کو 14 دنوں کے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے ۔ہوائی اڈے پر کچھ دیر کے لئے اس وقت افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی جب بحرین سے گلف ایئر لائن کی پروازسے یہاں پہنچنے والے 164 مسافروں نے احتجاج شروع کیا اور ہوائی اڈے کے حکام سے بحث شروع کردی۔ ان مسافروں نے مفت سرکاری سہولت کی اجازت نہ دیے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔