سرینگر//کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد ، فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی انتظامیہ نے انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ زکورہ کیمپس کے سربراہ پروفیسر غلام محی الدین بٹ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔کشمیر یونیورسٹی اساتذہ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک آن لائن تعزیتی اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے پروفیسربٹ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے موصوف کو انتہائی قابل استاد اور جدت پسند قراردیا۔پروفیسر طلعت نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا’’پروفیسر بٹ ایک بہت ہی نیک انسان تھے اور یونیورسٹی کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لئے پوری لگن سے کام کرنے کی پرجوش خواہش رکھتے تھے۔ یہ پوری یونیورسٹی کے لئے انتہائی افسوسناک دن ہے۔ ان کا انتقال یونیورسٹی کیلئے ایک بہت بڑا نقصان ہے‘‘۔وائس چانسلر نے پروفیسر بٹ کے اہل خانہ کو یونیورسٹی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈین اکیڈمک افیئرز پروفیسر شبیر اے بٹ نے موصوف کو ایک محنتی استاد کی حیثیت سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے تعلیمی منظرنامے پر انمٹ نقوش چھوڑدئے ہیں۔رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے کہا کہ پروفیسر بٹ نے انسٹی ٹیوٹ کو بلندیوں پر پہنچانے کیلئے جدوجہد کرنے کی ایک میراث چھوڑ دی اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے یونیورسٹی برقرار رکھے گی۔اس دوران کشمیر یونیورسٹی ٹیچرس ایسوسی ایشن (کوٹا)صدر ڈاکٹر منظور احمد چاشونے وقتا ًفوقتاً یونیورسٹی کی ترقی میں پروفیسر بٹ کے تعاون کو یاد کیا۔اس موقع پر متعدد منتظمین اور فیکلٹی ممبران نے بھی خطاب کیاجن میں ڈین کالجز پروفیسر جی ایم سنگمی ، پروفیسر نیلوفر خان ، پروفیسر خورشید اقبال اندرابی ، پروفیسر فاروق اے مسعودی ، پروفیسر ظفر اے ریشی ، پروفیسر الطاف پنڈت ، پروفیسر شیخ محمد اعجاز ، پروفیسر شاہد رسول (سنٹرل یونیورسٹی کشمیر) ، ڈاکٹر طارق بانڈے ، ڈاکٹر منظور احمد شاہ ، ڈاکٹر طارق عبد اللہ اور ڈاکٹر جاوید احمد (جنرل سکریٹری KUTA)شامل ہیں۔اس موقع پر مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔دریں اثناء کشمیر یونیورسٹی آفیسرز ایسوسی ایشن (KUOA) ، کشمیر یونیورسٹی وزارتی اسٹاف ایسوسی ایشن (KUMSA) ، محکمہ تعلیم اور انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی زکورا کیمپس کے ممبران نے سوگوار کنبہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ، خاص طور پر پروفیسر بٹ کی اہلیہ پروفیسر تسلیمہ جان ( سربراہ شعبہ ایجوکیشن )کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔اس دوران پروفیشنل اسٹوڈنٹس گلڈٹنگمرگ نے معروف سائنس دان پروفیسر غلام محی الدین بٹ کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موصوف نے کشمیریونیورسٹی کے شعبہ الیکٹرانکس میں اپنی بنیادی ذمہ داریوں کے علاوہ پورے کشمیر میں نوجوانوں میں سائنسی مزاج پیدا کرنے کا کام کیا۔گلڈ نے مرحوم کی جنت نشینی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ادھرحقانی میموریل ٹرسٹ نے نامور ماہر تعلیم پروفیسر غلام محی الدین بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی علمی،سائنسی اور تحقیقی کارناموں کی وجہ سے انہیں بہت دیر تک یاد کیا جائے گا۔