سرینگر// ایک اہم پیش رفت میں کشمیر یونیورسٹی نے اپنے مثالی کام کیلئے’ڈسٹرکٹ گرین چیمپئن ایوارڈ 2021-22 ‘حاصل کیا جس نے کیمپس اور اس کے پڑوس میں فرق پیدا کیا ۔اس سلسلے میں وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد کو مہاتما گاندھی نیشنل کونسل آف رورل ایجوکیشن (MGNCRE)، محکمہ اعلیٰ تعلیم، وزارت تعلیم، حکومت ہند کی طرف سے ایک مبارکبادی پیغام موصول ہوا جس نے حال ہی میں ایوارڈز کا اعلان کیا۔اس درجہ بندی کے اہم پیرامیٹروں میں پانی کا انتظام، متبادل توانائی کے ذرائع (سولر انرجی)، گرینری مینجمنٹ، ویسٹ مینجمنٹ اور لینڈ یوز مینجمنٹ شامل ہیں جس میں کیمپس کی حدود کے اندر گرین ایریا شامل ہے۔یہ ایوارڈ ادارے اور اس کے سبز اور صاف کیمپس میں مثالی سوچھتا سرگرمیوں کے لیے ایک قومی پہچان ہے۔اس کوشش کو مربوط کرنے والے پروفیسر منظور اے شاہ نے کہا’’یونیورسٹی نے نومبر 2021 میں متعلقہ حلقوں، جیسے کہ یونیورسٹی لینڈ سکیپ ڈویڑن، انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن ڈویڑن اور سینی ٹیشن ونگ وغیرہ سے قابل قدر معلومات کے ساتھ مقررہ مقدار کے مطابق پیرامیٹرز پر معلومات جمع کرائی تھیں‘‘۔پروفیسر طلعت احمد اور رجسٹرار ڈاکٹر نثار اے میر نے اس اہم کامیابی پر یونیورسٹی کے پورے عملے اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دی۔یقیناً ڈل جھیل کے کنارے اور نسیم باغ میں شاندار چناروں کے ساتھ زبروان پہاڑوں کی گود میں یونیورسٹی کا سرسبز و شاداب کیمپس ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے۔یونیورسٹی اپنے مرکزی کیمپس کے ساتھ ساتھ اپنے سیٹلائٹ کیمپس کو سرسبز بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔