سرینگر//عوام میں جسمانی طورخاص افراد کو درپیش چیلنجوں اور مشکلات کے بارے میں جانکاری پیدا کرنے کیلئے کشمیر یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے کیمپس میں جسمانی طور خاص طلباء کیلئے ایک میراتھان دوڑ کا اہتمام کیا ۔کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد اور رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میر نے دوڑ کو جھنڈی دکھائی، جو مولانا رومی گیٹ سے شروع ہوکر گاندھی بھون آڈیٹوریم کے پاس اختتام کو پہنچی۔کشمیر یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹوں کے علاوہ کئی دیگر دانشگاہوں سے تعلق رکھنے والے 50طلباء نے دوڑ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر طلعت احمد نے کہاکہ ایسے مقابلوں سے جسمانی طور خاص افراد کے حوصلے بلند ہوتے ہیں اور ان میں چھپی صلاحیتیں نکھر کر سامنے آتی ہیں۔ گاندھی بھون آڈیٹوریم میں منعقدہ اختتامی تقریب میں میراتھان میں شرکت کرنے والے طلباء میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔