سرینگر//بارہمولہ ، بانڈی پورہ اور کپوارہ پارلیمانی نشست سے جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے اُمیدوار ایڈوکیٹ محمد اکبر لون نے بارہمولہ سے کاغذات نامزدگی فارم داخل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ’’یہاں سب سے بڑا مدعا یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جانا چاہئے،جب تک یہاں مسئلہ کشمیر پر پیش رفت نہیں ہوگی تب تک یہاں باقی باتیں بے کارہیں، ہماری جماعت نے پارلیمنٹ میں پہلے بھی مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل پر زور دیا ہے کہ اورآئندہ بھی پارلیمنٹ میں ہم مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کی وکالت کریں گے، ہم مرکزی سرکار کو پھر ایک بار اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے کہ اگر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خلش کو ختم کرنا ہے تو مسئلہ کشمیر کا سیاسی حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد اکبر لون نے کہا کہ انسانیت، جمہوریت اور کشمیریت جیسے نعروں کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیااور ایسے نعرے صرف جملے ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ کھوکھلے نعروں سے ہمارے زخموںپر مرہم نہیں لگے گا۔ حد سے زیادہ بے روزگاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت ہند اور ریاستی حکومت میں مل کر کوئی خاکہ تیار کرنا پڑے گا جس سے یہاں بے روزگاری کا خاتمہ ہوسکے۔
کشمیر کا سیاسی حل سب سے بڑا اشو:اکبر لون
