سرینگر// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر میں دوران شب ہی بالائی علاقوں میں برف وباراں سلسلہ شروع ہوااور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں ۔ محکمہ نے 8 سے 13 مارچ تک موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کاامکان ظاہر کیا ہے۔ ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ 8 مارچ کو موسم خشک رہ سکتا ہے تاہم 9 مارچ کو موسم ایک بار پھر خراب ہونے کی توقع ہے اور 13مارچ تک موسم ابرالود ر ہے گا۔ اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشیں و برفباری ہو سکتی ہے ۔تاہم انہوں نے کہا کہ 13مارچ تک کسی اہم موسمیاتی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سوموار کو کٹرہ ، قاضی گنڈ اوربانہال میں موسم ابرالود رہا اور کہیں کہیں بارش ہوئی، تاہم گریز ، گلمرگ ، زوجیلا ، سونہ مرگ اور کرگل میں بارشیں او ر ہلکی برف باری ہوئی ۔ ایک ترجمان کے مطابق گریز، زوجیلا اور گلمرگ سمیت بالائی علاقوں سے برف باری کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلمرگ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیر کی صبح تک 5 سینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ کی گئی ۔ کولگام، اننت ناگ اور شوپیان کے بالائی علاقوں میں بھی ہلکی برف باری اور بارشیں ہوتی رہیں۔ادھر کپوارہ کے سادھنا ٹاپ ، پھرکیاں گلی ،زیڈ گلی ، توت مار گلی ، بنگس وادی سمیت دیگر بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ۔ نستہ چھن گلی پر تازہ 9انچ برف جمع ہونے کے نتیجے میں کرناہ کپوارہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا جبکہ مژھل کی پھرکیان ٹاپ اور کیرن کی زیڈ گلی پر بھی 5سے6انچ برف جمع ہوئی ہے۔ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔غلام نبی رینہ کے مطابق زوجیلا میں ایک فٹ، سونہ مرگ سات انچ، گگن گیر 5 انچ، کلن گنڈ 3 انچ، منی مرگ ایک فٹ اورگمری ایک فٹ برف ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ گاندربل کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہو رہی تھیں ۔اسی طرح بانڈی پورہ باہمولہ کے میدانی علاقوں میں بھی بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں ۔