سرینگر // وادی میں فی الحا ل پولٹری میں برڈ فلو کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن احتیاطی طور پر کچھ اضلاع میں پولٹری کی فروخت پر جزوی پابندی عائد کی گئی ہے۔ پرندوں میں H5N8برڈ فلو کی تصدیق کئی اضلاع میں ہوچکی ہے جہاں یہ وائرس کئوں میں پایا گیا جو مرے ہوئے ہوئے گئے ہیں۔کشمیر کے تین اضلاع اننت ناگ شوپیاں اور بانڈی پور ہ میں بھی برڈ فلو پایا گیا ہے۔شوپیان کے وڈی پورہ گائوں کو انفکشن زدہ علاقہ قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طور سیل کیا گیا ہے۔ضلع کمشنر شوپیان سچن کمار کی جانب سے جاری کردہ ایک آرڈر کے مطابق شوپیان ضلع سے کوئوں کے درجنوں نمونے حاصل کرنے کے بعد ان کی جانچ کرائی گئی جس کے دوران یہ بات سامنے آگئی کہ ضلع میںبرڈ فلو کا مرکز تحصیل چھتراگام کا وڈی پورہ گائوں ہے۔ اس کے بعد وڈی پورہ کے ارد گرد ایک کلو میٹر علاقے کو انفکشن زدہ قرار دیتے ہوئے اس کے آس پاس10 کلو میٹر کا فاصلہ الرٹ زور قرار دیا گیا ہے۔
اس علاقے میں دفعہ144کے تحت پابندی عائدکی گئی ہے اور چیف انمل ہسبنڈری آفیسر شوپیان کو بتایا گیا ہے کہ وہ نمونے حاصل کرنے کا کام کریں۔ چیف میڈیکل آفیسر شوپیان کو بتایا گیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی صحت پر قریبی نظر رکھیں جبکہ محکمہ آر اینڈ بی اور وائلڈ لائف کو بتایا گیا ہے کہ وہ مردہ جانوروں کو ٹھکانے لگانے اور علاقے کو سینی ٹائز کرنے کے بارے میں تعاون کریں ۔دریں اثناء حاجن بانڈی پورہ میں بھی H5N8برڈ فلو کے متعدد معاملات سامنے آئے ہیں۔ اس معلوم ہوا ہے کہ صدر کورٹ پائین حاجن بانڈی پورہ میں کچھ روز پہلے جو نمونے حاصل کئے گئے تھے وہ مثبت آئے ہیں ۔
ضلع کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد نے علاقے کو متاثرہ قراردیتے ہوئے 10کلو میٹر آس پاس کا علاقہ نگرانی میں رکھا گیا ہے اور محکمہ انیمل و شیپ ہسبنڈری اور محکمہ فشریز نے پرندوں سے مزید نمونے حاصل کرنے کا کام شروع کیا ہے ۔اس سے قبل اننت ناگ کے ڈورہ علاقے میں بھی کوئوں میںH5N8پائے جانے کے بعد علاقے میں ہائی الرٹ جاری کیا تھا اور وہاں پولٹری کی خرید فروخت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی تھی ۔ محکمہ انمل ہسبنڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری جو نوڈل افسر بھی ہیں نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں فی الحال پولٹری میں برڈ فلو کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے البتہ کوئوں میں فلو کی تصدیق ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ٹیمیں الرٹ ہیں اور مردہ کوئوں کے علاوہ دیگر پرندوں کی جانچ کیلئے نمونے حاصل کئے جاتے ہیں ۔