سرنکوٹ//سرنکوٹ کے وکلاء نے کہاہے کہ ’کشمیر فائل ‘نامی فلم کے نام پر کچھ عناصر سما ج میں نفرت کی بوائی کرنے میں مصرو ف ہیں جبکہ اس عمل سے آپسی بھائی چارے کر نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ایڈوکیٹ یاسر خان جنجوعہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کشمیر فائل فلم کے ذریعہ اپنا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوششیں کررہی ہے ۔بار ایسوسی ایشن سرنکوٹ کے سابقہ صدر نے کہاکہ فلم کو سیاسی رنگت دئیے جانے کی وجہ سے سماج میں نفرت پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جس سے ایک سیاسی پارٹی اپنا مفاد حاصل کرنے کو مقصد رکھتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی روز سے ایک مخصوص طبقہ سے امتیازی سلوک کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں تاہم اس عمل کو روک لگائی جائے ۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ ممتاز شاہ ،ایڈووکیٹ افتخار ہمدانی ،ایڈوکیٹ قاضی انتخاب، ایڈووکیٹ رضوان منہاس بھی موجود تھے ۔
اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن نے کشمیر فائلز فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا
راجوری//اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن راجوری نے جمعرات کو کشمیر فائلز فلم کے نشریات پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا۔اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن نے جمعرات کو راجوری میں ایک پریس کانفرنس کا اہتمام تالاب والی مسجد میں کیا جس میں تنظیم کے صدر شفقت میر، تعظیم ڈار، اشتیاق بھٹ، صنم شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شفقت میر نے کہا کہ فلم کشمیر فائلز فرقہ وارانہ تانے بانے کے ساتھ ساتھ ملک کی پرامن فضا اور قومی سلامتی کیلئے بھی بڑا خطرہ ہے اور اس کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فلم پر فوری پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس حقیقت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ کشمیری پنڈتوں کو عسکریت پسندی کے دوران بہت نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن کہانی کا ایک رخ دکھانا قابل قبول نہیں ہے کیونکہ ہر ایک شخص کو تکلیف ہوئی ہے۔میر نے کہا کہ یہ فلم اکثریتی اور اقلیتی برادری کے درمیان فرق پیدا کرنے کا کردار ادا کرے گی جو ملک کے لئے تباہ کن ہے۔انہوں نے حجاب کے معاملے پر کرناٹک ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کو بھی بدقسمتی قرار دیا۔