راجوری //راجوری کی مسلم تنظیموں نے شوپیان میں عام شہریوں کی ہلاکتوں پر احتجاجی دھرنا دیا ۔فورسز کے ہاتھوں شہری ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے ان تنظیموں کے ارکان نے گوجر منڈی میں دھرنا دیا اور ریاستی اور مرکزی سرکار پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیرکے دائمی حل کویقینی بنائے تاکہ کشت و خون کا یہ سلسلہ رک سکے۔یہ دھرنا کئی گھنٹے تک جاری رہا جس دوران مقررین نے کہاکہ عام شہریوں کا قتل کسی مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ امن وامان کے لئے ضروری ہے کہ دونوں ملک آپس میں بات چیت کے کا سلسلہ شروع کریں اورمسئلہ کشمیر کا دائمی حل نکالاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ شوپیاں میں اپنی نوعیت کا دوسرا ایسا واقعہ ہے جس میں عام شہری ہلاک ہوئے ہیں ۔ان کاکہناتھاکہ اسی طرح کے واقعات سے حالات پر منفی اثر پڑتاہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں غم و غصہ پایاجارہاہے ۔ انہوں نے ریاستی سرکار اور عدلیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ عام شہری ہلاکتوں کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے انسانیت سوز واقعات رونمانہ ہونے پائیں۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے سرحدیں گولہ باری سے گونج رہی ہیں اور اس کشیدگی کا اثر بھی براہ راست لوگوں پر ہی پڑتاہے ۔ان کاکہناہے کہ سکول بند ہیں جبکہ لوگ کام کاج بھی نہیں کرپارہے ۔ان کاکہناتھاکہ گولہ باری یا شہریوں کی ہلاکت سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا اسلئے ہندوستان اور پاکستان کے حکمرانوں کو چاہئے کہ وہ عام لوگوں کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے مسئلہ کشمیرکا دائمی حل نکالیں ۔ انہوںنے شوپیاں ہلاکتوں کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔