جموں//سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ؛ وزیراعظم کے دفتر، عملے، عوامی شکایات، پنشن، ایٹمی توانائی اور خلا کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، ثقافت، سیاحت اور شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی اور جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں میں سری وینکٹیشوراسوامی مندر کا افتتاح کیا جو کہ ملک میں چھٹا اور مرکز کے زیر انتظام خطے جموں و کشمیر میں پہلا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں میں سری وینکٹیشور سوامی مندر کا قیام ہندوستان کے خیال کا جشن ہے اور ہندوستان کے ’تنوع میں اتحاد‘ کا تہوار ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ یہ مندر جموں و کشمیر میں پہلا اور ہندوستان میں چھٹا ہے جو کہ جموں کے لیے ہندوستان میں اعلیٰ مذہبی سیاحتی مقام بننے کی راہ ہموار کرے گا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے تحت 8 جون، 2023 یعنی جموں میں سری وینکٹیشور سوامی مندر کے افتتاح کا دن، جموں کی ترقی کے سفر میں ایک سنگ میل ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ اب پورا ملک وزیر اعظم نریندر مودی کے تحت مشرق سے مغرب تک ، شمال سے جنوب تک مربوط ہے اور وارانسی میں منعقدہ ’کاشی تمل سنگمم‘ اور جموں میں ’سری وینکٹیشور سوامی مندر‘ اس کی بہترین مثالیں ہیں۔ اس کا مقصد تمل ناڈو اور کاشی کے درمیان قدیم روابط کا جشن منانا اور توثیق کرنا ہے ، جو ملک کی دو اہم اور قدیم درسگاہیں ہیں۔اپنے خطاب میں جی کشن ریڈی نے کہا کہ جموں میں ’سری وینکٹیشور سوامی مندر‘ کے قیام سے دنیا پر یہ بات پھر سے ثابت ہو گئی ہے کہ کشمیر سے کنیا کماری تک ملک ایک ہے۔ وزیر موصوف نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں قدیم تہذیب کو زندہ کیا جا رہا ہے۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں، جموں و کشمیر میں امرت کال میں تیز رفتار اقتصادی ترقی اور ثقافت کے احیاء دیکھا جا رہا ہے۔سنہا نے کہا کہ یہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ اپنے ابدی سفر میں شان، الوہیت اور ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ٹی ٹی ڈی چیئرمین ، جموں کے ایم پی وائی وی ریڈی، جموں و کشمیر کی چیف سکریٹری جگل کشور، ممبر ٹی ٹی ڈی ارون کمار مہتا اور پرشانت ریڈی، افتتاحی تقریب کے دوران موجود تھے۔یو این آئی