سرینگر//عوامی اتحاد پارٹی سربراہ اور ممبر اسمبلی لنگیٹ انجینئر رشید کی قیادت میں پارٹی نے جواہر نگر میونسپل پارک میں پانچواں ”اسٹیٹ فلیگ ڈے“مناتے ہوئے ریاست کا پرچم لہرایا اور ترانا گایا۔بعدازاں انجینئر رشید نے تقریر کرتے ہوئے ریاستی سرکار سے 7جون کو ریاست میں چھٹی کا اعلان کرنے کی اپیل کی جسکی تقریب میں موجود لوگوں نے حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پاس بچی کھچی ہر چیز کی حفاظت کرتے ہوئے ہر اس چیز کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے کہ جنکے وہ حقدار ہیں اور جو ان سے چھینا جا چکا ہے۔انہوں نے کہا”جموں کشمیر کی علیٰحدہ شناخت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور نہ پاکستان کی شہ رگ۔بھارت پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے غلام ہونے کا دعویٰ کرتا پھرتا ہے حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہاں کا اپناصدر، وزیر اعظم،سپریم کورٹ،قومی ترانا اور جھنڈا ہے جو باقی جگہوں کے علاوہ ایل او سی کی ہر فوجی چوکی پر پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ لہراتا ہے جبکہ بھارت نے ہم سے سب کچھ چھین لیا ہے۔ حال یہ ہے کہ اب یہاں کا جھنڈا نہ ہائی کورٹ پر لہراتا ہے نہ لداخ میں اور نہ ہی نئی دلی کے کشمیر ہاوس پر“۔انہوں نے کہا”اس بات میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے کہ اٹانومی مسئلہ کشمیر کا حتمی حل نہیں ہے۔سیول سکریٹریٹ سے لیکر ڈائریکٹر جنرل آف پولس کے دفتر تک میں ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تعداد مسلمان افسروں کی تعداد کم کی جارہی ہے۔