کشمیری پنڈت پریمیئر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کھیل قوم کی تعمیر کے عمل کا ایک اہم ستون رہا ہے: منوج سنہا

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کے سی اسپورٹس کلب جموں میں کشمیری پنڈت پریمیئر لیگ (کے پی پی ایل) کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔اس موقع پر، لیفٹیننٹ گورنر نے کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے اقدام پر للیتادتیہ اسپورٹس، ایجوکیشن اور ہیلتھ آرگنائزیشن کو مبارکباد دی۔انہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے ملک اور بیرون ملک کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ ’کھیل قوم کی تعمیر کے عمل کا ایک اہم ستون رہا ہے۔ یہ ہمیں قدیم ثقافت کے نظریات کے تئیں اپنی وابستگی کی تجدید کرنے اور نئی نسلوں کے لئے اقدار کو پروان چڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی پی ایل جیسے ٹورنامنٹ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں اور نظم و ضبط، عزم اور ٹیم ورک جیسی خصوصیات کو اجاگر کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کشمیری پنڈت پریمیئر لیگ کی توسیع کے لیے انتظامیہ کی جانب سے ضروری تعاون کا یقین دلایا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیری پنڈت برادری کے نوجوانوں، پی ائو جے کے کے بے گھر افراد اور مغربی پاکستان کے پناہ گزینوں کے لئے ہینڈ ہولڈنگ اور مالی امداد بڑھانے کے لئے یوٹی انتظامیہ کے عزم کو بھی دہرایا۔للیتادتیہ اسپورٹس، ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے صدر انیل بھٹ نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں کل 21 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں مرد، خواتین اور جونیئر ٹیمیں شامل ہیں۔