سرینگر //بی جے پی قومی ایگزیکٹیو ممبر اور اقلیتی امور کی وقف ترقیاتی کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے سابق حکومتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومتوں نے جموں وکشمیر کے نوجوانوں کا استحصال کیا ہے اور بی جے پی ہی وہ واحد جماعت ہے جس کے پاس نوجوانوں کیلئے ایک ٹھوس جامع اقتصادی اور ترقیاتی منصوبہ ہے۔بھاجپا دفتر پر ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی جس میں بارہمولہ اور سرینگر اضلاع کے سماجی اور سیاسی نمائندوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ نوجوان لیڈروں کا بی جے پی میں خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ بی جے پی صوبہ کشمیر میں بھی اپنی سیاسی بنیاد کو آہستہ آہستہ مضبوط کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے یہ سمجھنا شروع کر دیا ہے کہ بی جے پی کے پاس کشمیر کے نوجوانوں کیلئے سب کچھ ہے ۔اس لیے وہ دنیا کی سب سے بڑی سیاسی جماعت میں شامل ہو رہے ہیں۔ بی جے پی کا ترقیاتی ایجنڈا ان نوجوانوں کے لیے قابل عمل ہے جو اپنی صلاحیتوں سے ایک خوبصورت زندگی بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے نوجوانوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوا م کی خدمت کرنے کیلئے ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا ’یہ صرف شروعات ہے اور آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوان نئے پرامن اور ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی تعمیر کے مشن میں شامل ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا’ بی جے پی نوجوانوں کو جذبات اور جھوٹے خواب نہیں بیچتی ہے کیونکہ ہمارے پاس جموں و کشمیر کے نوجوانوں کیلئے ایک ٹھوس جامع اقتصادی اور ترقیاتی منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آج تک حکومت کرنے والوں نے نوجوانوں کا استحصال کیا ، کشمیر کے نوجوان اپنے روشن مستقبل کیلئے ترقیاتی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔‘‘ پارٹی میں شامل ہونے والوں میں عاشق احمد آہنگر، اسرار احمد وانی، ذوالفقار ملہ، بلال احمد بٹ، مدثر احمد زرگر، پرویز احمد لون، عامر احمد حجام، محمد اقبال بٹ، بشیر احمد لون، شبیر احمد لون، معراج الدین بٹ، نصیر احمد گنائی اور دیگر شامل تھے۔
کشمیری نوجوانوں کیلئے بھاجپا ایک کرن: درخشاں
