سرینگر//نیشنل فرنٹ نے چیئر مین نعیم احمد خان سمیت جملہ قیدیو ں کی حالت زارپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیل کے اندر قیدیوں کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانا کسی بھی صورت میں قابل مذمت ہے۔ پارٹی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اس حملے کے بعد تہاڑ جیل میں مقید نعیم احمد خان، شبیر احمد شاہ،الطاف احمد شاہ،ایاز اکبر،پیر سیف اللہ،معراج الدین کلوال،شاہد الاسلام، بٹہ کراٹے، شاہد یوسف ،جاوید احمد ،کامران یوسف اور ظہور وٹالی سمیت دیگر کشمیری قیدیوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نت نئے حربے آزما کر مزاحمتی قائدین بشمول نعیم خان کا سیاسی عقیدہ توڑنے کی سر توڑ کوشش کررہا ہے۔ترجمان نے جملہ سیاسی قیدیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست یا ریاست سے باہر کی جیلوں میں کشمیری قیدی انتہائی صبر آزما حالات کا سامنا کررہے ہیں۔ ان قیدیوں کو نہ صرف جیل کی اذیتوں بلکہ جیل حکام کو بھی جھیلنا پڑ رہا ہے یہاں تک کہ اخلاقی جرائم میں ملوث افراد کشمیری قیدیوں کو تنگ کرنا اپنا حق تصور کرتے ہیں ۔کشمیری قیدیوں کو وقت پر عدالتوں کے سامنے بھی پیش نہیں کیا جاتا ہے اور اُن کی قید و بند کو ایک نہیں تو دوسرے بہانے طول دیا جارہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی سبھی جیلوں میں مقید کشمیری قیدیوں کو وادی منتقل کرنے پر زور دیا۔ ترجمان نے پارٹی چیئر مین نعیم احمد خان کی صحت کی خرابی پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں تہاڑ جیل میں کوئی بھی طبی سہولیت میسر نہیں ہے ۔