کشمیری طلاب کے خلاف مقدمہ درج کرنا ایک سازش:جاوید میر/مسلم لیگ

سرینگر//لبریشن فرنٹ اورمسلم لیگ  نے دلی پولیس کی جانب سے جواہرلال یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طلاب کے خلاف غداری کے الزام میں مقدمہ درج کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے اسے کشمیری طالب علموں کے مستقبل کو تاریک بنانے کی ایک سازش سے تعبیر کیا۔لبریشن فرنٹ(ح)چیئرمین جاوید احمد میرنے کہا ہے کہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ایسے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی واردات نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی کشمیری طلاب اور تاجروں کو مختلف سازشوں کا شکار بنایا گیا ہے۔مسلم لیگ ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان کے تعلیمی اداروں میں جس طرح کشمیری نوجواں کو مختلف حیلے بہانے تراش کر ہراساں و پریشاں کیا جارہا ہے وہ نہ صرف تشویشناک معاملہ ہے بلکہ اس کی وجہ سے ان کے والدین اور عزیز و اقارب خطرناک مصیبت میں مبتلا ہو جاتے ہیں کیونکہ ایک طرف ان طالب علموں کے مستقبل کومکمل طور پر برباد کرنے کے سامان کئے جارہے ہیں اور دوسری طرف انہیںاُن فرضی کیسوں میں پھنسایا جاتا ہے جن کا ان کے ساتھ کوئی واسطہ نہیں ہوتا ہے ۔ترجمان نے ان طلاب کے مکمل تحفظ کو ناگزیرقرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان طالب علموں کو تنگ و طلب کرنے پر فوری طور روک لگائی جائے ۔