نئی دہلی //کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے مرکزی سرکار پر الزام عائد کیا ہے کہ اُس نے کشمیر کے حوالے سے انتہائی پوزیشن اختیار کر کے غم وغصے کی لہر میں اضافہ کر دیا ہے ۔پی چدمبرم کا یہ بیان مرکزی سرکار کی جانب سے چین پاک کشیدگی ،جموں وکشمیر کی موجودہ صوتحال اور یاتریوں پر حملے کے متعلق دلی میں بلائی گئی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ کے بعد سامنے آیا ۔سابق وزیر داخلہ نے کہا’’کشمیر مسئلہ ایک زخم ہے اور کشمیر کے لوگ مرکزی حکومت او ر جنگجوئوں کی طرف سے لی گئی سخت پوزیشنوں کے بیچ پھنس کر رہ گئے ہیں‘‘۔ ایک ٹویٹ میں پی چدمبرم نے کہا کہ مرنے والے جموں وکشمیر کے لوگ ہیں اور اس سے متاثر ریاست کا مستقبل ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں جنگجوئوں نے سخت پوزیشن اختیار کی ہے وہیں مرکزی حکومت نے بھی سخت پوزیشن اپنا کر مسئلے کو مزید بڑھا دیا ہے ۔ سینئرکانگریس لیڈر نے کئی بار حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر مسئلہ ایک زخم ہے ۔