سرینگر//سیاحت کے وزیر تصدق حسین مفتی نے نارہ بل میں سنگ باری کے واقعہ میں چنئی سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔وزیر نے متعلقہ کنبے کے ساتھ پی سی آر ہسپتال میں جا کر تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انہیں یقین دلایا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس واقعہ کو صدیوں پرانی مہمان نوازی پر دھبہ قرار دیتے ہوئے تصدق مفتی نے ایسے مجرموں کے خلاف عوامی تحریک چلانے پر زور دیا جو لاکھوں کشمیریوں کا روزگار چھینے پر تلے ہوئے ہیں اور جو پوری کشمیری سماج کو دیگر لوگوں میں بد نام کر رہے ہیں۔تصدق مفتی نے کہا کہ حالیہ سروے سے یہ بات پتہ چلی ہے کہ کشمیر دنیا میں سب سے محفوظ سیاحتی مقام ہے کیونکہ کشمیر میں مجرمانہ حرکتوں کی بہت کم شرح درج کی گئی ہے خاص طور پر خواتین کے خلاف جرائم سب سے کم پائے گئے ہیں۔اس واقعہ پر پورے کشمیر کی طرف سے مذمت کا پیغام کا ذکر کرتے ہوئے تصدق مفتی نے اطمینان کااظہار کیا اور تمام شراکت داروں بالخصوص جو لوگ سیاحتی صنعت سے وابستہ ہیں سے کہا کہ وہ آگے آئیں اور ہمارے مہمانوں کی حفاظت یقینی بنائیں ۔