سرینگر//پاکستان کشمیرمیں حالات بگاڑنے میں ہمیشہ سرگرم رہتا ہے لیکن اُس کے کشمیر سے متعلق شور مچانے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور نا ہی زمینی حقائق کو جھٹلایا جاسکتا ہے ۔ جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے جس کو ہم سے کوئی الگ نہیں کرسکتا ۔ ان باتوں کااظہار وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سر ی و استو کیا ہے۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزرات خارجہ ترجمان انوراگ شری واستو نے پاکستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے شور مچانے سے کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر میں حالات خراب کرنے کی تمام تر کوششیں کررہا ہیںاور ہماری فوج پاکستان کی ان تمام کوششوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بات چیت کے خلاف نہیں ہے تاہم دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں ہوسکتے ۔ پاکستان کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر منانے کے حوالے سے سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹوئٹ میں انہوںنے کہا کہ پاکستان گزشتہ ستر برسوں سے شور مچاتا آرہا ہے اور کشمیر کو بھارت سے الگ کرنے کی ناکام کوششیں کرتا آرہا ہیں تاہم اس کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے کیوںکہ کشمیر بھارت کا ’’اٹوٹ‘‘ انگ ہے اور اس کو بھارت سے کوئی الگ نہیں کرسکتا ۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر میں دفعہ 370کے خاتمہ کے بعد اب لوگ بے حد خوش ہیں جس سے اس بات کا برملا اظہار ہوتا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں تاہم یہاں پر حالات کو خراب کرنے کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے ۔ انہوںنے کہا کہ مذاکرات اور شدت پسندی ایک ساتھ نہیں ہوسکتے ۔ اگر پاکستان تمام حل طلب مسائل کو حل کرنے کیلئے بات چیت کا خواہشمند ہے تو اس کو پہلے شدت پسندی کے ڈھانچے کو ختم کرنا چاہئے ۔