سرینگر// بھارت نے اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مشن کے ترجمان کے ذریعہ جموں و کشمیر کے حوالے سے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر پہلے ہی بھارت کا اٹوٹ حصہ تھا اور ہمیشہ رہے گا ۔ بھارت نے چین پر ایک مرتبہ پھر واضح کر دیا کہ وہ بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے گریز کریں ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا کہ ہندوستان توقع کرتا ہے کہ چین بھارت کے اندرونی معاملات اور ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کوئی تبصرہ کرنے سے باز آجائے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان بھی توقع کرتا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی شدت پسندی کی لعنت کو چین تسلیم اور مذمت کرے گا جو جموں و کشمیر سمیت ہندوستان کے عوام کی زندگیوں کو متاثر کرتا ہے۔انہوں نے کہا ، ’’ہم جموں کشمیرکے حوالہ سے اقوام متحدہ میں عوامی جمہوریہ چین کے مستقل مشن کے ترجمان کی طرف سے دیئے گئے بیان کو مکمل طور مسترد کرتے ہیں ‘‘۔ انہوں نے کہا ،’’چین اس مسئلے پر بھارت کی مستقل موقف سے بخوبی واقف ہے۔ جموں و کشمیر ، ہندوستان کا اٹوٹ انگ رہا ہے اور رہے گا۔ جموں و کشمیر سے متعلق امور ہندوستان کے اندرونی معاملات ہیں۔‘‘ .انہوں نے کہا ،’’لہذا ،ہمیں توقع ہے کہ چین سمیت دیگر ممالک ان معاملات پر تبصرہ کرنے سے گریز کریں گے جو ہندوستان کے اندرونی معاملات ہیں اور ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں گے۔‘‘