عظمیٰ مانٹرنگ ڈیسک
وڈودرا// گجرات کے وڈودرا میں کشتی پلٹ جانے سے پیش آئے حادثہ میں ایک درجن سے زیادہ افراد کے ہلاک ہونے کے معاملہ میں 18 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بقیہ ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے 9 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہرنی جھیل میں جمعرات کو کشتی پلٹ جانے سے 14 اسکولی بچے اور 2 اساتذہ ڈوب گئے تھے۔ یہ افسوس ناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 27 طلبا کا گروپ اپنے اساتذہ کے ساتھ یہاں سیر و تفریح کے لیے پہنچا تھا۔حادثہ جمعرات کو شام پونے پانچ بجے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کشتی میں صلاحیت سے زیادہ افراد سوار تھے اور کسی نے بھی ’لائف جیکٹ‘ نہیں پہنا تھا۔ کشتی پلٹنے کے ساتھ ہی موقع پر چیخ و پکار مچ گئی تھی۔ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم موقع پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا، تاہم اس وقت تک متعدد افراد ڈوب چکے تھے۔ایک بیان میں وزیر اعظم کے دفتر نے حادثے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا۔