کشتواڑ //شیر کشمیر میموریل ضلع ہسپتال کشتواڑ جو ضلع کا واحد بڑا اسپتال ہے میں پچھلے کئی عرصہ سے سی ٹی اسکین مشین بےکار پڑی ہے جس کے سبب مریضوں کو کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔مریضوں کا کہنا ہے کہ انہیں سی ٹی سکین کرنے کےلئے ڈوڈہ یا پھر جموں کے ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے جس پر انہیں ہزاروں روپے خرچہ آتا ہے ۔مقامی لوگوں نے ہسپتال انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ضلع میں آے روز سڑک حادثات و دیگر حادثات رونما ہوتے ہیں جسکے لئے سی ٹی اسکین کی اشد ضرورت پڑتی ہے جبکہ ہسپتال میں سی ٹی اسکین کی مشین بند ہونے کے سبب وقت پر انکے ٹیسٹ نہیں ہوپاتے ہیں اور مریضوں کو مجبور ہوکر دیگر ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔مقامی لوگوں نے کہا کہ ایک جانب انتظامیہ لوگوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کر رہی ہے وہیں اس واحد ہسپتال کی سی ٹی اسکین مشین کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے کوئی بھی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ صحت کے عہدیداران کس قدر غیر سنجیدہ ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے جبکہ اسے قبل بھی کئی ماہ سی ٹی اسکین مشین کو ٹھیک کرنے میں لگے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں محکمہ صحت کی حالت کافی ابتر ہے۔