کشتواڑ//کشتواڑ کے متعدد پرائیویٹ سکولوں کے طلاب نے ریاست کے کٹھوعہ ضلع میں ہوئے کمسن کی آبرو ریزی اور قتل کے خلاف ایک زور دار لیکن پُر امُن احتجاج کیا۔ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر لیکر احتجاجی طلاب نے قصبہ کے مختلف بازاروں سے مارچ کیااور کمسن کی عصمت ریزی میں ملوث مبینہ ملزمان کے خلاف کڑی کاروائی کرنے کامطالبہ کر رہے تھے۔مظاہرین متاثرہ کے لئے انصاف کا مطالبہ کرکے نعرے بازی کررہے تھے۔مظاہرین نے اس واقعہ کو سماج پر ایک بد نما داغ قرار دیا ۔وہ جموں بار ایسو سی ایشن کے خلاف بھی نعرے بازی کر رہے تھے،جو کہ مبینہ طور سے عصمت ریزی کے واقعہ میں ملوث مبینہ ملزمان کے حق میں جد و جہد کر رہے تھے۔مظاہرین نے مجرموں کو عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ،تاکہ مستقبل میں کوئی بھی ایسا فعل کرنے کے بارے سوچے نہیں۔احتجاج کا مقصد دنیا بھر میں خواتین کے مظالم کی طرف توجہ مبذول کرنا تھا ۔