کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے بیشتر دورافتادہ علاقہ جات میں جہاں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہیں بیشتر علاقوں میں لکڑی کے کھمبے بوسیدہ ہوچکے ہیں اور کچھ جگہوں پر ترسیلی نظام درختوں و مکانوں کے ساتھ آویزاں ہے۔علاقہ بونجواہ کی تیس ہزار سے زائد نفوس پر مشتمل آبادی والے علاقہ میں آج تک بجلی کا نظام درست نہ ہوسکا۔بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ترسیلی لائنیں و بوسیدہ لکڑی کے کھمبے درسر بنے ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ موری، کیوہ و دیگر مقامات پر لکڑی کے کھمبے نصب ہیں جو کہ اب بوسیدہ ہوچکے ہیں اور بیشتر مقامات پر ترسیلی لائنیں رہائشی مکانوں کی چھتوں و درختوں کے ساتھ لگائی گئی ہیںجومقامی لوگوں کے لئے خطرہ بنی ہوئی ہیں۔ اگرچہ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے ا علیٰ عہداروں سے متعدد مرتبہ رجوع کیا لیکن باوجود اسکے ان کو ہٹایا نہیں گیا ہے۔موری کی عوام نے بتایا کہ بوسیدہ لکڑی کے کھمبے و ترسیلی لاینیں ہروقت ان کیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ اگر معمولی واقعہ بھی ہو تو عوام کو بجلی سپلائی متاثر ہوجاتی ہے جبکہ نجی اداروں کا کام کاج بھی متاثر ہوجاتا ہے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے محکمہ بجلی کو جوابدہ بنانے و بوسیدہ کھمبوں و خراب ترسیلی لاینوں کی جلد از جلد مرمت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔