کشتواڑ//قصبہ میں ایک ماہ قبل ہلاک کئے گئے سینئر بی جے پی لیڈر اور اسکے بھائی کے قاتلوں کو ڈھونڈ نکالنے میں ناکام رہنے کیخلاف قصبہ میں پیر کے روز احتجاج کیا گیا ۔ بھارتیہ جنتا یوا مورچہ کے ضلع صدر راکی گوسوامی کی قیادت میں کارکن قصبہ کے ڈاک بنگلہ میں اکٹھا ہوئے اور ایک احتجاجی ریلی نکالی۔مظاہرین ڈی جی پولیس، ڈی سی ،ایس ایس پی، اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بلند کر رہے تھے ۔ریلی قصبہ کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے کورٹ کمپلیکس کے نزدیک اختتام پذیر ہوئی۔مظاہرین نے پاکستان اور حریت مخالف نعرے بلند کئے اور ہلاکت میں ملوث مبینہ ملزمان کو فوری طور گرفتار کرنے اور ملی ٹینسی کا خاتمہ کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے سرکار سے اس واقعہ میں ملوث افراد کو 2دنوں کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ،بصورت دیگر ریاستی سطح پر بھاری احتجاج کرنے کا انتباہ کیا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر انیل پریہار اور اسکے بھائی اجیت پریہار کو نا معلوم افراد نے یکم نومبر کو اُس وقت ہلاک کیا، جب وہ دوکان بند کرنے کے بعد گھر لوٹ رہے تھے۔