کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے پیر کے روز ضلع کے دور دراز علاقہ مڑواہ کا دورہ کیا اوروہاں پر سخت ترین موسمی حالات کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی سپلائی پوزیشن کا موقعہ پر ہی جائزہ لیا۔انکے ہمراہ ایس ایس پی راجندر کمار گپتا، ایس ڈی ایم مڑواہ کیسر بھوانی و دیگر ضلع و سیکٹورل افسراں بھی تھے۔ڈی سی نے برفانی علاقہ کا پیدل چل کر جائزہ لیا اور دستیاب سہولیات اور اشیائے ضروریہ کی سپلائی پوزیشن کا بھی جائزہ لیا اور وافر مقدار میں سٹاک پایا گیا ۔انہوں نے علاقہ میں غیر حاضری کی شکایتوں کے پیش نظر سرکاری دفاتر کے کام و
کاج کا معاینہ بھی کیا ۔انہوں نے ضلع افسران پر دور افتادہ علاقہ جات میں ماتحت اہلکاروں کے تئیں نرمی برتنے پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا،جو اپنے فرائض انجام دینے کے بجائے اکثر و بیشتر ضلع صدر دفتر میں بغیر کسی وجہ کے گھومتے پھرتے ہیں۔ڈی سی نے ا سکا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے خاطی ضلع افسروں کی فوری طور تنخواہ روکنے کے احکامام ت جاری کئے۔پی ایچ سی مڑواہ میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی پربی ایم او مڑواہ انیل کمار کو معطل کیا اور اے ڈی ڈی سی امام دین کو روگی کلیان سکیم کے تحت مبینہ بے قاعدگیوں اور پی ایچ سی مڑواہ کی ناقص کارکردگی کا باریک بینی سے تحقیقات کرنے کے لئے بطور انکوائری افسر مقرر کیا۔مقامی لوگوں نے اس موقعہ پر بعض ہنگامی نوعیت کے مسائل جیسے کہ ایم جی نریگا کے تحت 2016سے التوا میں پڑی بقایا جات واگُذار کرنے ۔ہوائی کرایہ میں اضافہ کے حکم کو واپس لینا، ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی عدم دستیابی،آر کے بی ایس فنڈزمیں مبینہ ہیرا پھیری پیش کئے۔متعلقہ محکموں کو اس سلسلہ میں موقعہ پر ہی ہدایات جاری کئے گئے۔ڈی سی نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ انکے جائز مطالبات ترجیحی طور پر حل کئے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ان ملازموں کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت دی ،جو باقاعدگی سے اپنے فرائض انجام نہیں دیتے ہیں۔انہوں نے ایسے ملازموں کی فہرست پیش کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ انکے ناموںکو ’ ڈیڈ ووڈ‘ کی سفارش کے لئے سرکار کو بھیجا جائے۔انہوں نے تمام ملازموں کو اپنے فرائض بخوبی انجام دینے کو کہا ۔مقامی لوگوں نے یورڈو سے ٹیلر اور ہیانہ سے بھاٹا تک کے روڈ پر جلد ہی برف ہٹانے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے دچھن سے مڑواہ اور مڑواہ سے واڑون تک کی سڑک کی صفائی کے لئے گینگ قلیوں کو تعینات کرنے کا بھی مطالبہ کیا، جس پر ڈی سی نے موقعہ پر ہی متعلقہ افسروں کوہدایات جاری کیں۔