عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ ضلع کے ایک دور افتادہ جنگلاتی علاقے میں اتوار کو سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوںکے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جو شام تک جاری رہا۔بتایا جاتا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 7اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے 3شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کمانڈ ہسپتال ادہم پورمنتقل کردیا گیا۔تاہم سرکاری طور پر اسکی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں شام ساڑھے 6بجے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے۔ حکام نے بتایاکہ دوپہر کے قریب چھاترو علاقے میں مندرل-سنگھپورہ کے قریب سونار گائوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے بتایا کہ جنگلاتی علاقے میں جیش محمد کے کم سے کم تین ملی ٹینٹوں پر مشتمل گروپ کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع کے بعد دن کے 11.30بجے فوج کی 2پیرا اور 11آر آر کے علاوہ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے تلاشی کارروائی جونہی شروع کی تو یہاں موجود ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کی جس کے فوراً بعد طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی جو کافی دیر تک جاری رہی۔علاقے کو گھیرے میں لیا گیا ہے اور ملی ٹینٹوں کے فرار ہونے کے ممکنہ راستوں کو سیل کرلیا گیا ۔شام ساڑھے چھ بجے تک علاقے میں رک رک کر فائرنگ ہورہی تھی۔ جھڑپ کے بعدعلاقے میں انٹر نیٹ کی رفتار کم کرلی گئی اور ڈورون کی مدد سے ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی کوشش کی جارہی ہے تاہم گھنے جنگل کی وجہ سے کارروائی میں رکاوٹ آرہی ہے۔