کشتواڑ//ضلع ترقیاتی کمشنر انگریزسنگھ رانا کی قیادت میں ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا ،جس میں آفات سماویہ سے نمٹنے کے لئے کی گئی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے اہلکاروں کو ناساز گار موسم کی وجہ سے کسی بھی ناگہانی آفت کا مقابلہ کرنے کے لئے مشینوں اور افرادی قوت کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔اجلاس میں مختلف مدعوں پر تفصیلی مباحثہ کیا گیا جن میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر،مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی،سول ڈیفنس رضاکاروں اور ضلع ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کسی بھی ناگہانی آفت سے نمٹنے کیلئے سول ڈیفنس ،ایس ڈی آر ایف اور فائر اقینڈ ایمرجنسی خدمات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔انہوں نے تمام اہلکاروں کو قریبی تال و میل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کا موثر مقابلہ کیا جا سکے۔اجلاس میں ضلع بھر میں ماک ڈرل منعقد کرنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ۔ڈی سی کو بتایا گیا کہ ایس ڈی آر ایف کو تیار ی میں رکھا گیا ہے۔ دریں اثنا ، ڈی سی نے تمام ملازمین کو ڈی ڈی ایم اے کو اپنی ایک دن کی تنخواہ بطور عطیہ کارپس فنڈ میں جمع کرنے کی گُذارش کی ہے ،تاکہ اس فنڈ کو ناگہانی آفت سے متاثرین کے حق میں تقسیم کیا جا سکے۔اس سلسلہ میں اے ڈی سی کو کارپس فنڈ کے لئے اکونٹ کھولنے کی ہدایت دی گئی اور اسے تمام افسروں اور اہلکاروں میں مشتہر کرنے کی ہدایت دی۔ایس ایس پی کشتواڑ ابرار احمد چودھری ،اے ڈی ڈی سی امام دین ، اے ڈی سی کشوری لعل، سی پیاو یاصر بلوان ،اے سی آر اندرجیت پریہار،ریڈ کراس کے آنریری سیکرٹری علی ساگر، این سی سی اور این ایس ایس کے رضاکاروں و دیگر اہلکاروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔