کشتواڑ میں حزب المجاہدین کے دو جنگجوئوں کی گرفتاری کا دعویٰ

کشتواڑ//جموں و کشمیر پولیس نے ضلع کشتواڑ میں حزب المجاہدین سے وابستہ دو جنگجوؤں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جن دو جنگجوئوں کو گرفتار کیا گیا ہے انہوں نے حال ہی میں حزب کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔پولیس بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاگیا کہ ایک مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر ڈی ایس پی آپریشنز کشتواڑ دویندر سنگھ بندرال نے فوج کی 17 آر آر  اور سی آر پی ایف کی 52 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم کے ہمراہ ایس ایس پی کشتواڑ شفقت حسین کی قیادت میں کارروائی انجام دیتے ہوئے ٹانڈردچھن علاقے سے حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے والے دو جنگجوؤں کو گرفتار کیا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ گرفتار شدگان کی تحویل سے کچھ اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا اور علاقے میں تلاشی آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔گرفتار شدگان کی شناخت یاور حسین ولد غلام رسول ساکن سندر تحصیل دچھن کشتواڑ اور عثمان قادر ولد غلام قادر ساکن ٹانڈر دچھن کے بطور ہوئی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں گرفتار شدگان پانچ اگست سے لاپتہ تھے اور انہوں نے ملک کی سالمیت کو خطرہ پہنچانے کے لئے حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔پولیس ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس سٹیشن دچھن میں ایک کیس درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔