کشتواڑ میںشراب دکانیں کھولنے کے اعلان کولیکر عوام سراپا احتجاج

کشتواڑ//انتظامیہ کی جانب سے چند روزقبل جموں کشمیر میں ایکسائزیر پالیسی کے تحت شراب کی مزید دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی جن میں ضلع کشتواڑ کے اندر بھی چند مقامات پر شراب خانے کھولنے کیلئے لائسنس فراہم کی گئی ہیں جس پرمقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایاجارہا ہے اور لوگ سراپا احتجاج ہیں۔ چند روز قبل دچھن کی عوام نے علاقہ میں شراب کی دکانیں کھولنے کو لیکر احتجاج کیا تھا اور انتظامیہ سے اپیل کی تھی کہ علاقہ میں شراب کی دوکان کو نہ کھولا جائے وہیں چھاترو کی عوام نے بھی انتظامیہ کے خلاف دوکان کھولنے کو لیکر احتجاج کیا۔علاقہ چھاترو کے متعددعلاقہ جات میں عوام نے نماز کے بعد احتجاج کیا ۔جامع مسجد چنگام میں اس موقعہ پر بات کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ جہاں انتظامیہ کو سکول کھول کر بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا چاہئے تھا وہیں انتظامیہ نوجوانوں کو تعلیم کے بدلے نشہ کیلئے تیار کررہی ہے اور نوجوان کیلئے یہ خطرناک ہے ۔انھوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ایسا قدم نہ اٹھایا جائے اور اگر ایسا قدم اٹھایا گیا تو اسکو لیکر بڑے پیمانے پر احتجاج ہوگا۔انھوں نے نوجوانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے اکر اسکے خلاف احتجاج کریں ۔ادھر ضلع کے معزز شہریوں نے بھی اس اقدام کو لیکر انتظامیہ سے برہمی کا اظہار کیا اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے قدم نہ اٹھائے۔