کشتواڑ//چیئرمین سروس سلیکشن بورڈ خالد جہانگیر نے ضلع افسران کے ایک اجلاس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ کے دفتر میں کی جس دوران انھوں نے آنے والے درجہ چہارم کے امتحانات کے انعقاد کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اشوک شرما ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پون پریہار ، اے سی آر کشتواڑ ڈاکٹر عامر حسین ، سی ای او کشتواڑ اشوک کماربھی میٹنگ میں موجود رہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کشتواڑ پون پریہار، جو ضلع میں منعقد کیے جارہے امتحانات کیلئے آبزرور ہیں، نے بتایا کہ مذکورہ امتحان جو 27 فروری کو شروع ہونگے ،کیلئے 12 امتحانی مراکز نامزد کردیئے گئے ہیں۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے چیئرمین کو بتایاکہ آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف امتحانات کو یقینی بنانے کے لئے مبصرین کی طرح اضافی ٹیمیں اور فلائنگ اسکواڈ تعینات کیے جائیں گے۔ جبکہ چیئرمین سروس سلیکشن بورڈ نے کہا کہ امتحانی مراکز کے سپرانٹنڈنٹس کے لئے مکمل تربیتی پروگراموں پر زور دیا جائے جبکہ جاری کئے گئے احتیاتی تدابیر کے بعد امتحان کرائے جائیں اور امتحانات کے مراکز کی مناسب صفائی اور امتحان کے دوران ہونے والے تمام اہم واقعات کی ویڈیو گرافی بھی عمل میں لائی جائے۔