ڈوڈہ //کشتواڑ واقعہ پر ڈوڈہ میں اقلیتی طبقہ کی طر ف سے بطور احتجاج بند رکھاگیا جبکہ اس دوران بی جے پی ورکروںنے بڑی تعداد میں کشتواڑ کی طر ف مارچ بھی کیا تاہم اسے پولیس نے ناکام بنادیا۔بڑی تعداد میں بی جے پی ورکر جمع ہوئے اور انہوںنے کشتواڑ کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی جسے پولیس نے پل ڈوڈہ کے مقام ہی ناکام بنادیا۔ ذرائع نے بتایاکہ چونکہ مارچ سے حالات خراب ہونے کااندیشہ تھا اس لئے ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کی طرف سے ہدایت ملنے پر پولیس نے ورکروں کو پل ڈوڈہ سے آگے نہیں جانے دیا اور مارچ ناکام بنادیا۔اس دوران بی جے پی اور آر ایس ایس ورکروںنے پولیس اور ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا دیا ۔انہوںنے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ انہیں آخر کیوں کشتواڑ جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور پولیس نے کیوں روکا۔انہوںنے کہاکہ وہ پرامن طو رپر کشتواڑ جارہے تھے لیکن انتظامیہ نے انہیں روک دیا۔ ان کاکہناتھاکہ انہیں لگتاہے کہ مقامی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر علیحدگی پسندوں اور حریت لیڈران سے ملے ہوئے ہیں اور اسی ساز باز کا نتیجہ ہے کہ انہیں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ پولیس تھانہ کے باہر احتجاجی دھرنے کے باعث کئی گھنٹوں ٹریفک کی نقل و حرکت بھی
معطل رہی جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کاسامناکرناپڑا۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ کشتواڑ واقعہ پر سخت کارروائی کی جائے اور ملوثین کو بے نقاب کیاجائے ۔