کسی ملک کیخلا ف جارحیت کے عزائم نہیں رکھتے: راجناتھ سنگھ

جیسلمیر(راجستھان)//راجستھان میں پاکستانی سرحد کے قریب پہلی ایمرجنسی ہوائی پٹی کا افتتاح وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کیا ۔ وزیر دفاع نے اس موقعہ پر پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ اس ہوائی پٹی سے ہم دشمن ممالک کو منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کشمیر کی پہاڑی و دشوار گزار سرحدیں ہوں، لداخ کی برفیلی چوٹیاں ہوں یا راجستھان کا ریگستان ہو ،بھارتی فوج ہر جارحیت کا بھر پور جواب دینے کی اہل ہے ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ’’آج ہمارا ملک اپنی آزادی کا 'امرت مہوتسو' منا رہا ہے،1971 کی فتح کا 'سنہری سال' منا رہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ ہوائی پٹی دفاعی لحاظ سے کافی اہمیت کی حامل ہے اس سے ہم دشمن ملک کے عزائم کو خاک میں ملاسکتے ہیں تاہم بھارت کسی بھی ملک کے خلا ف جارحیت کے عزائم نہیں رکھتا ،لیکن ملک کو دفاعی لحاظ سے مضبوط بنانے سے ملکی سلامتی بہتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں پہاڑی سرحدیں ہوں یا یوٹی لداخ کی برفیلی چوٹیاں ہوں ،ہماری فوج ہر کسی محاذ پر لڑنے کی اہل ہے ۔انہوںنے کہا کہ راجستھان کی تپتی ریت پر ہمارے جوان سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں جس پر ملک کو فخر ہے ۔یہ ہوائی پٹی ایمرجنسی لینڈنگ کی سہولت کے لیے بنائی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سرحد سے صرف چند قدم پہلے یہ میدان بنا کر آپ نے ثابت کر دیا کہ ہم ہندوستان کی سلامتی کے لیے کتنے تیار ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ کورونا بحران کے دوران یہاں 3 کلومیٹر طویل شاہراہ کی تعمیر صرف 19 ماہ میں مکمل کی گئی ہے۔