جموں // محکمہ زراعت کی پیداوار اور کسانوں کی بہبود جموں نے ایک لائیو سٹریمنگ پروگرام کا اہتمام کیا جو وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پی ایم کسان سمان ندھی اسکیم کی 10 ویں قسط کو جاری کرنے کیلئے براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے کسانوں اور دیگر معززین کے ساتھ رسمی چراغ روشن کر کے پروگرام کا افتتاح کیا ۔ ڈائریکٹر زرعی پیداوار اور ایف ڈبلیو جموں کے کے شرما ، ڈائریکٹر باغبانی رام سیوک ، ڈائریکٹر سی اے ڈی راجندر سنگھ تارا ، اے پی ڈی کے ایکسٹینشن ، مارکیٹنگ ، فارمز ، اپیکلچراور مشروم کے جوائینٹ ڈائریکٹرز اور سینئر افسران کے علاوہ جموں ڈویژن کے کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کی ۔ نچلی سطح کے کسانوں کو بااختیار بنانے کے حکومت کے مسلسل عزم کے مطابق 10 کروڑ سے زیادہ فائدہ اٹھانے والے کسان خاندانوں کو 20000 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم ڈیجٹل طور پر منتقل کی گئی ۔ پی ایم کسان اسکیم کے تحت اہل استفادہ کنندہ کسان خاندانوں کو سالانہ 6000 روپے کا مالی فائدہ فراہم کیا جاتا ہے جس کی ادائیگی 2000 روپے کی تین مساوی چار ماہی اقساط میں کی جاتی ہے ۔ فنڈ براہ راست مستفدین کے بینک کھاتوں میں منتقل کیا جاتا ہے اس اسکیم میں اب تک 1.6 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا سمان راشی کسان خاندانوں کو منتقل کیا گیا ہے ۔ پروگرام کے دوران پی ایم مودی تقریباً 351 کسان پروڈیوسر تنظیموں ( ایف پی اوز ) کو 14 کروڑ روپے سے زیادہ کی ایکویٹی گرانٹ بھی جاری کریں گے ، جس سے 1.24 لاکھ سے زیادہ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر فاروق خان نے خاکہ پیش کیا کہ پی ایم کسان ندھی اسکیم کا مقصد مالی امداد کی شکل میں قوم کے انادات کا احترام کرنا ہے ۔ وہ پر جوش تھے کہ تعلیم یافتہ نوجوان کاشتکاری کے شعبے کو کل وقتی پیشہ کے طور پر اپنانے کیلئے آگے آ رہے ہیں ۔ فاروق خان نے زراعت اور اس کے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجی ، فارم مشینری ، معیاری زرعی ان پٹ اور درست فارم ایڈوائیزری فراہم کر کے انہیں سہولت فراہم کریں ۔ انہوں نے کسانوں کو مزید مضبوط کرنے کیلئے کواپریٹو بنیادوں پر فارمز پرڈیوسر آرگنائیزیشن ( ایف پی اوز ) بشمول خواتین ایف پی او کے فروغ اور تشکیل پر زور دیا ۔ مشیر نے کسانوں سے یہ بھی کہا کہ وہ کسان برادری کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت کی طرف سے شروع کی گئی فصل بیمہ یوجنا اسکیم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت جموں نے بتایا کہ جموں ڈویژن کے 5.64 لاکھ کسانوں نے اس اسکیم کے تحت آج براہ راست فائدہ اٹھایا ۔ بعد میں وزیر اعظم کرشی سنچائی یوجنا کے تحت کسانوں کو نئی رہنما خطوط کے بارے میں بیداری بھی دی گئی ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر زراعت ( ان پٹس ) اے ایس رین نے شکریہ کلمات پیش کئے اور ایس ڈی اے او ، ایم آر ایچ اشونی جوجرا نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔