کسانوں کی حمایت میں اپوزیشن جماعتوں کا جنترمنتر پر مظاہرہ

نئی دہلی//یو این آئی// کانگریس اور کئی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے لیڈران نے پارلیمنٹ سے چل کر جمعہ کو یہاں جنترمنتر پر منعقدہ ‘کسان سنسد’ میں حصہ لیا اورکسانوں کے ساتھ ان کے مطالبات کی حمایت میں یکجہتی کامظاہرہ کیا۔حزب اختلاف کی 14 جماعتوں کے لیڈران کی صبح پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے پارلیمنٹ ہاؤس میں میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ان کے تمام اہم رہنما کسانوں کے مطالبے کے ساتھ یکجہتی ظاہر کرنے کے لیے جنتر منتر جائیں گے ۔ اس کے بعد اپوزیشن لیڈر پارلیمنٹ سے بس میں سوار ہوکر جنتر منتر کے لیے روانہ ہوئے ۔اپوزیشن کے جن لیڈران نے جنترمنتر پر 'کسان سنسد' میں حصہ لیا، ان میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملیکارجن کھڑگے ، لوک سبھا میں کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری، پارٹی رکن پارلیمنٹ منیش تیواری، امبیکا سونی کے علاوہ آئی ایم یو ایل کے ای ٹی بشیر  نیشنل کانفرنس کے حسنین مسعودی کے ساتھ سماج وادی پارٹی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، شیو سینا، مارکسی کمیونسٹ پارٹی، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، عام آدمی پارٹی اور کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈرشامل ہوئے ۔یہاں احتجاج کرنے والے کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈروں نے کہا کہ وہ ان کے ساتھ متحد کھڑے ہیں۔