نئی دیہلی //وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے جمعرات کو کہا کہ کسانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے سرکار نے ڈیجیٹل ایگریکلچرمشن کی شروعات کی ہے اور اس شعبے میں ڈرون کے استعمال پرفوکس کیا جا رہا ہے۔ نریندر سنگھ تومر نے کراپ لائف ( سی ایل آئی) کی 41 ویں سالانہ جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے تومر نے کہا کہ وزارت زراعت نے ڈیجیٹل ایگریکلچر کو آگے بڑھانے کے لیے نجی شعبے کے ساتھ معاہدے پردستخط کیے ہیں،جن کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں ہر طرح کا فائدہ پہنچانا ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سی ایل آئی مل کر مشترکہ طور پر 70 فیصد کراپ پروٹیکشن مارکیٹ کی نمائندگی کرتی ہے اورملک میں 95 فیصد مالیکیولز لانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ سی ایل آئی کی رکن کمپنیاں جدید ٹیکنالوجی استعمال کررہی ہیں اورعالمی سطح پرتحقیق اور ترقی پرسالانہ 6 ارب ڈالر خرچ کرتی ہیں،جس سے کسانوں کے لیے نئی اور محفوظ اختراعات ممکن ہوتی ہیں۔ ہندوستان ایگرو کیمیکلز کا چوتھا بڑا پروڈیوسر ہے۔ اس شعبے کے امکانات کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ایگرو کیمیکل سیکٹر کو 12 چیمپئن سیکٹرز میں شامل کیا ہے جہاں ہندوستان عالمی سپلائی چین میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔