کرگل اسکردو روڑ کھولنے کے حق میں مارچ

 
کرگل//کر گل اسکردو روڑ کھولنے کے مظالبہ کو لیکر کرگل میں ہزاروں لوگوں کی طرف سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے رشتہ داروں سے ملنے120کے بجائے2500کلومیٹر کی لمبی مصافت طے کر کے دلی سے جانا پڑ رہا ہے جو ان کے ساتھ سرا سر نا انصافی ہے۔کرگل میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے نماز جمعہ کے بعد ایک احتجاجی مارچ کیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں مرد ،بوڑھے اور بچوں نے شرکت کی ۔ لوگوں نے ہاتھوں میں کتبے اوربینر اٹھائے تھے، جن پر روڑ کھولنے کا مطالبہ درج تھا۔احتجاجی ریلی میں شامل لوگوں نے کرگل کے مختلف بازاوں کا چکر لگایا اور کرگل چوک میں جمع ہوکر نعرے بازی کی۔اس موقعہ پر مقررین نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کرگل کے لوگوں کی اس دیرینہ مانگ کو پورا کرے کیونکہ انہیں اسکردو جانے کیلئے 120کلو میٹر کی مسافت طے کرنے کے بجائے 2500کلو میٹر کا راستہ طے کرنا پڑتا ہے اور ویزہ کے مشکل دور سے بھی گذرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1947سے بند پڑے اس روڑ کو کھولنے کا فیصلہ لیکر کرگل کے لوگوں سے انصاف کیا جائے۔کرگل میں انجمنِ جمعیت علمائے اثنیہ عشریہ ، کی سربراہی میں ایک تحریک شروع کی گئی ہے جس کا مقصد کرگل۔اسکردو روڈ کھولنا ہے۔ 
 

میر واعظ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کی حمایت

نیوز ڈیسک
 
سرینگر//حریت (ع)  چیئر مین میرواعظ عمر فاروق، نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کرگل اسکرد روڈ کھولنے کے مطالبہ کی حمایت کی ہے۔میرواعظ نے کہا کہ جموں کشمیر کے اْن سبھی راستوں کو کھولا جانا چاہئے جنہوں نے یہاں کے لوگوں کو تقسیم کر رکھا ہے اور جس کی وجہ سے اپنے اپنوں سے جدا ہیں۔انہوں نے ٹویٹر پرایک ٹویٹ میں لکھاکہ کرگل اسکردو روڈ کو کھول کر انتہائی سردیوں کے ایام میں ضروریات بہم کئے جاسکتے ہیں اور لوگ مذہبی مقامات تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے لکھا’میں کرگل میں عوامی مارچ کی حمایت کرتا ہوں جو اسکردو روڑ کھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں اور جو کرگل سے محض120کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی لداخ دورہ کے دوران کرگل اسکردو روڑ کھولنے کا اعلان کریں گے۔انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کرگل کے لوگوں کی مانگ جائز ہے اور امید کی جانی چاہیے کہ وزیر اعظم اسکا اعلان کریں ۔محبوبہ مفتی نے ٹویٹ میں کہا کہ انکی پارٹی کا روز اول سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ سارے پرانے راستے کھولے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کرگل کے عوام کی مانگ کو انسانیت کے زاویہ سے دیکھا جانا چاہیے اور اسء لئے پارٹی کے سیلف رول میں بھی اسکا ذکر کیا جاچکا ہے۔