دہرادون//یو این آئی// ہندوستان کی کرکٹ ٹیم کے اسٹار کرکٹر رشبھ پنت جمعہ کی صبح اتراکھنڈ کے ہریدوار ضلع کے روڑکی میں سڑک حادثے میں زخمی ہوگئے ۔ حادثہ کار کے ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا۔ جس کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی۔ انہیں زخمی حالت میں دہرادون کے میکس اسپتال لایا جا رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق رشبھ پنت دہلی سے مرسڈیز کار میں اتراکھنڈ کے روڑکی میں اپنے گھر آ رہے تھے ۔ ان کی کار آج صبح تقریباً 5.30 بجے کوتوالی منگلور علاقہ کے محمد پور جٹ کے قریب بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ ڈیوائیڈر سے ٹکرانے کے بعد کار میں آگ لگ گئی۔ کسی طرح کرکٹر اور اس کے ساتھ بیٹھے ڈرائیور سمیت ایک اور شخص کو گاڑی سے باہر نکالا گیا اور پولیس کی مدد سے زخمیوں کو روڑکی کے سکشم اسپتال لے جایا گیا۔اسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر سشیل ناگر نے بتایا کہ رشبھ پنت کی حالت فی الحال مستحکم ہے ۔ ڈاکٹروں کے مطابق رشبھ کے ماتھے اور ٹانگ پر چوٹیں آئی ہیں۔ انہیں روڑکی سے دہرادون کے میکس اسپتال ریفر کیا گیا ہے ۔ وہاں ان کی پلاسٹک سرجری ہوگی۔