تھرو ونتا پورم//بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ بھارت میں اب وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 39 ہوگئی ہے۔ادھر ارونا چل پردیش سرکار نے ریاست میں غیر ملکی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی ہے، تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے، جبکہ مرکزی سرکار نے بھارت کے ساحلی علاقوں میں کسی بھی غیر ملکی بحری جہاز کو لنگر انداز ہونے پر پابندی عاید کردی ہے۔ اس ضمن میں مرکزی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ غیر ملکیوں کی وجہ سے ہی کرونا وائرس بھارت میں پھیل چکا ہے۔کیرالہ کے ضلع پٹنم ٹٹا سے تعلق رکھنے والے اس خاندان کے تین افراد چند دنوں قبل ہی اٹلی سے واپس بھارت لوٹے تھے۔ کیرالہ کے وزیر صحت نے کہا کہ متاثرہ خاندان نے ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ افسران کو اپنے سفر کی تفصیلات نہیں بتائی تھیںاور اسی وجہ سے ان کی بروقت طبی جانچ نہیں ہوسکی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب اس خاندان کے پانچ افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع ملی ہے جس میں ایک بچہ بھی شامل ہے جنھیں آیئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے۔واضح رہے کہ جموں میں دو مشتبہ کرونا وائرس کیس سامنے آچکے ہیں جبکہ لداخ میں بھی دو افراد کو کرونا وائرس ہوچکا ہے جو حال ہی میں ایران سے واپس آئے تھے۔ادھر چین کے علاوہ وائرس اب تک 104ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔ جس سے ایک لاکھ،7ہزار 691 متاثرجبکہ 3ہزار661افراد ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کولمبیا، کوسٹا ریکا، کمبوڈیا، مالٹا، پیراگوئے اور مالدیپ میں بھی کورونا وائرس کے پہلے کیسز سامنے آچکے ہیں۔چین میں کورونا وائرس سے متاثر مزید 28 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔تاہم حکام کا دعویٰ ہے کہ ملک میں وائرس کے پھیلاومیں کمی آئی ہے اور 57ہزار332 افراد کو صحتیابی کے بعد ہسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔اتوار کے روز اٹلی میں صرف ایک دن کے اندر 1247 کیسز سامنے آگئے اور مریضوں کی مجموعی تعداد 5883 ہوچکی ہے۔ ہفتے کو اٹلی میں کورونا سے 36 ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 233 ہوگئی ہے۔ چین کے بعد یہاں وائرس کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے ایران تیسرے نمبر پر آچکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں 21 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد194 ہوچکی ہے اور 6566افراد متاثر ہوچکے ہیں۔ ایران میں اس وبا سے ایک خاتون رکن پارلیمنٹ کی موت بھی ہوچکی ہے۔جنوبی کوریا بھی سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ یہاں کل 7313افراد متاثر ہوئے جبکہ 50 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔فرانس میں کورونا وائرس ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے اور 949کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے، جن میں فرانس کی قومی اسمبلی کے دو اراکین بھی شامل ہیں۔اسکے علاوہ سپین میں17,جاپان میں 6،امریکہ میں 19،سوئزر لینڈ میں 2،ہالینڈ میں 3،بر طانیہ میں 2،ہانگ کانگ میں 2،آسٹریلیا میں 3،عراق میں 4،تھائی لینڈ میں ایک،تائیوان میں ایک،سین میرونا میں ایک،ارجنٹائن میں ایک،فلپائن میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔