سرینگر// رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ جموں وکشمیرنے کرونا وائرس سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے سلسلے میں تمام مدارس میں ہونے والے امتحانات فی الحال ملتوی کئے ہیں ۔ مدارس اورمساجدکے ذمہ داران سے اپیل کی گئی ہے کہ صفائی ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوںکی پوری پابندی کریںجبکہ عوام کو اسم اعظم اور درود نجات پڑھنے کی تلقین کی گئی ہے۔موصولہ بیان کے مطابق رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ جموں وکشمیر کے صدر مولانا محمد رحمت اللہ قاسمی کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ رابطہ مدارس سے منسلک سبھی اداروں میں جو امتحانات 26؍ مارچ 2020 سے منعقد ہونے والے تھے، اُن کو بھی فی الحال ملتوی کیا گیا ہے تاہم طلبہ سے کہا گیا ہے کہ اپنے اپنے مقامات پر امتحان کی تیاری سے غافل نہ رہیں۔ اجلاس میں مدارس اورمساجد کے جملہ ذمہ داروں سے اپیل کی گئی کہ احتیاطی تدابیر اپنانے میں کوئی کوتاہی نہ برتیں۔ صفائی ، ستھرائی اور حفظان صحت کے اصولوںکی پوری پوری پابندی کریںاورہر وقت باوضو رہنے کی کوشش کریںجبکہ سنت کے مطابق کھانے سے پہلے اور بعد میں اہتمام کے ساتھ ہاتھ دھونے کا معمول بنائیں۔ بیان میںعوام کو اسم اعظم اور درود نجات پڑھنے کی تلقین کی گئی تاکہ ہر مشکل اور مصیبت سے اللہ تعالی نجات دے نیز دعاؤں اور استغفار کے ساتھ ساتھ گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں۔ بیان میںصدقہ وخیرات کا اہتمام پر بھی زور دیا گیا ہے کیونکہ اس سے آفتیں دور ہوتی ہیں۔ صدقے کو بلاؤں کے رد میں خاص تاثیر حاصل ہے یہ اسلام کامزاج اورہمارے اسلاف کامعمول رہا ہے۔اجلاس میںوالدین سے کہا گیا کہ اپنے بچوں کی نگرانی کریں، خصوصاً روزانہ کے دینی معمولات مثلاً صبح سویرے کی بیداری، نماز، قرآن پاک کے سیکھنے سکھانے کی عادت کو پوری توجہ کے ساتھ برقرار رکھنے کی کوشش کریں۔
بانڈی پورہ اور کپوارہ میں جانکاری پروگرام
عازم جان+اشرف چراغ
بانڈی پورہ+کپوارہ//ڈسٹرکٹ انفارمیشن سینٹر بانڈی پورہ کی طرف سے کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام کے لئے میڈیا سے وابستہ افراد کی جانکاری کیلئے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ترقیاتی کمشنر شہباز احمد مرزا نے پروگرام کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ڈی آئی او جہانگیر آخون کے علاوہ دیگرافسران بھی موجود تھے۔پروگرام کے دوران طبی ماہرین نے صحافیوں اورنامہ نگاروں کو وائرس سے نمٹنے کے لئے لازمی احتیاطی اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔انہوںنے صحافیوں پر احتیاطی تدابیر اپنانے پر زوردیا تاکہ اس جان لیوا وائرس سے بچاجاسکے۔ماہرین نے صحافیوں پر زوردیا کہ وہ کرونا وائرس کے بچائو کے لئے لوگوں میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے اپنابھرپور رول ادا کریں۔ادھر ماہرین نے عام شہریوں سے بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے۔ادھر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ انشل گرگ نے کورنا وائرس سے متعلق جانکاری مہم شروع کی اور اس مہم کو اپنے دفتر کے سامنے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔انہوںنے اس وباء سے بچائو اورحفاظتی اقدامات بھی جاری کئے۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے علاوہ میڈیا عوام میں آگاہی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور عوام میں افرا تفری اور سنسنی پھیلانے کی بجائے شعور جاگر کریں ۔انہو ں نے کہا کہ مناسب آگاہی کی بدولت کسی بھی بڑے نقصان بچایا جاسکتا اور عوام تک درست معلومات پہنچائیں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے کہا کہ وہ اس وبا ء سے خوفزدہ ہونے کے بجائے حفاظتی اقدامات اختیار کر یں۔
ڈاک کاتشخیصی سہولیات میں بہتری لانے پرزور
سرینگر // ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر (ڈاک)نے محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران پر زور دیا ہے کہ جموں و کشمیر میں کرونا وائرس کی تشخیصی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے۔ ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر نثارالحسن نے کہا ’’ ہمیں تشخیص پر توجہ دینے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’ کورونا وائرس کے پھیلائو کو ابتدائی طور پر نشاندہی سے ہی روکا جاسکتا ہے لیکن اس کیلئے تشخیصی سہولیات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے‘‘۔ اعدادوشمار کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر نثارلحسن نے کہا کہ کورنا وائرس کے 80فیصد مریض معمولی نوعیت کی بیماری میں مبتلا ہوتے ہیں اور جن کا زیادہ تر اندراج نہیں ہوتا اور ان مشتبہ افراد کا اندراج ابتدائی طور پر تشخیص سے لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم تشخیص کا دائرہ نہیں بڑھائیں گے، تو ہم کورنا وائرس کے پھیلائو کی تصدیق کیسے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر تشخیص سے نہ صرف ہم اسے روک سکتے ہیں بلکہ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا میں بڑے پیمانے پر تشخیص کی وجہ سے اموات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص میں علامات کی موجودگی اس کو شک کے دائرے میں لاتی ہے اور انکی تشخیص لازمی بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ معالجین کو خود اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کرنی ہے یا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال آنے والے تمام مریضوں کیلئے تشخیص، معمرخواتین اور پہلے سے ہی مختلف بیماریوں جن میں امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر، شوگر اورکینسر جیسی بیماریوں میں مبتلا ہے،لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو بھی دیگر فلو مریضوں کو علامات کی بنیاد پر الگ کرنا چاہئے۔
طبی ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا جائے :جمعیت اہلحدیث
جمعہ اجتماعات کا دورانیہ کم کرنے کی اپیل
سرینگر// جمعیت اہلحدیث نے کر ونا وائرس سے بچنے کے لئے معاشرہ و ملک کومستند ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل پیراہونے کی تلقین کی ۔ بیان میں عوام سے اپیل کی گئی کہ گھروں ، محلوں، علاقوں ، مساجد اور گلی کوچوں کی حددرجہ صفائی ستھرائی کا اہتمام کریں۔ خود اپنی طہارت و پاکیزگی کا اہتمام کرنے کے ساتھ ساتھ صاف اور دھلے کپڑے زیب تن کریں غیر ضروری اسفار سے بچیں،کسی بھی نوع کے اجتماعات کے انعقاد کو فی الحال مؤخر کریں اورکسی بھیڑ کا حصہ نہ بنیں ،معانقہ ومصافحہ سے احتراز کریں، یہ عمل بھی ایمان کے کسی طور منافی نہیں اس طرح ائمہ مساجد و خطباء کرام اپنے خطابات جمعہ کے دورانیہ میں نمایاں کمی لائیں ۔ بیان میں کہا گیا کہ ان احتیاطی اقدامات کے ساتھ یہ بھی لازم ہے کہ توبہ و استغفار کو اپنا شعار بنائیں ۔ رب جلیل سے اپنے کمزور رشتوں کو استوار کریں، مسنون دعائیں کریں ، مناجات وردِ زبان ہوں، صدقات سے بلائیں ٹل جاتی ہیں۔ محتاجوں ، مساکین اور مجبور لوگوں کی امداد و اعانت کا بیڑہ اُٹھا کر آفات و بلیات سے نجات کے سامان کریںاور اُن تمام امور سے اجتناب کرنے کا عہد کریں ۔
محکمہ صحت کے رہنما خطوط پر عمل لازمی: مسلم فرنٹ
سرینگر//جموں مسلم فر نٹ نے کرونا وائر س کے سلسلے میں جموں شہرکے کئی علاقوں میںجراثیم کش ادیات کا چھڑکائو نہ کرنے کی تنقید کی ہے ۔فرنٹ کے چیئرمین شجاج ظفر نے ان علاقوں میں وائرس کے خطرے کو ختم کیا جاسکے اور یہاں کے موجود آ بی وسائل پر وائر س کاخطر ہ کم ہے ۔انہوںنے کہا کہ اس کیلئے کالونی یامحلہ سطح پر پالیسی بنانی چاہئے تھی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس وباء سے بچنے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے جاری کئے گئے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کر یں۔