سرینگر+اننت ناگ // کرن نگر سرینگر کے مصروف مارکیٹ میں دن دھاڑے مشتبہ جنگجوئوں نے چھتہ بل کے ایک نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا، جبکہ بٹہ مالو میں شام کے وقت ایک اور نوجوان کو گولیاں ماری گئیں۔ ادھر اننت ناگ میں فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا گیا جس میںکئی شہریوں کو ہلکی چوٹیں آئیں۔دریں اثناء کپوارہ میں ایک بارود شل بر آمد کر کے اسے ناکارہ بنایا گیا۔
سرینگر
پولیس بیان کے مطابق سنیچر کی سہ پہر ساڑھے 4بجے مدینہ کمپلیکس کرن نگر کے نزدیک ایک دہشت گردانہ واقعہ پیش آیا جس کے فوراً بعد پولیس وہاں پہنچ گئی۔موقعہ پر پہنچے افسران نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ماجد احمد گوجری ولد عبدالرحمان گوجری ساکن گلوان ٹینگ چھتہ بل نامی شخص پر مشتبہ جنگجوئوں نے نزدیک سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسے گہری چوٹیں آئیں۔ اگر چہ اسے فوری طور پر نزدیکی صدر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ چکا۔اس ضمن میں پولیس نے کیس رجسٹر کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔ پولیس افسران اس واقعہ کی کئی پہلوئوں سے تفتیش کررہے ہیں اور واقعہ وقوع پذیر ہونے کے بعد علاقے کا محاصرہ کیا گیا اوت تلاشیاں لی گئیں۔اسی طرح کی کارروائی میں 27جولائی کو صبح کے ساڑھے 11بجے میران علی شیخ عرف میران پٹھان کو بلبل لنکر نواکدل علاقے میں مشتبہ جنگجوئوں نے گولیاں مار کر ہلاک کردیا تھا۔پولیس نے میران کی ہلاکت کو سرینگر میں گینگ وار کی پہلی ہلاکت قرار دی تھی۔ادھرپولیس کے ایک اور بیان کے مطابق سنیچر کی شام 8بجے ایس ڈی کالونی بٹہ مالو میں فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا جس کے فوراً بعد پولیس یہاں پر پہنچ گئی۔ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ شہری محمد شفیع ڈار ولد عبدالرحمان ڈار ساکن بٹہ مالو پر ایس ڈی کالونی کے نزدیک فائرنگ کی گئی۔وہ شدید طور پر زخمی ہوا اور اسی نازک حالت میں نزدیکی اسپتال میں داخل کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشیاں لی گئیں اور اس بات کا پتہ چلایا جارہا ہے کہ مذکورہ شخص پر کیوں حملہ کیا گیا۔
اننت ناگ
جنوبی ضلع اننت ناگ میںسنیچر کی شام مسلح جنگجوئوںنے سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا، جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے۔پولیس کے مطابق شام ساڑھے 6بجے کے قریب مشتبہ جنگجوئوں نے کے پی روڈ اننت ناگ میںپر اوکس فورڈ اسکول کے نزدیک ڈیوٹی پر مامور40بٹالین سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر سڑک پرز ور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا ۔ گرینیڈ دھماکے کے ساتھ ہی وہاں افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جبکہ گرینیڈ حملے کے ساتھ ہی فوج و فورسز اور جموںکشمیر پولیس کی بھاری نفری جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے وہاں حالات کا جائیزہ لیا ۔ پولیس نے بتایا کہ جنگجوئوںنے کے پی روڑ پر سی آر پی ایف پارٹی کو نشانہ بنانے کے غرض سے ہتھ گولہ پھینکا،تاہم کوئی جانی نقصان نہیںہوا ۔اگر چہ پولیس نے کہا کہ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم 6افراد
کو ہلکی چوٹیں آئیں، جنہیں تھوڑی بہت مرہم پٹی کر کے رخصت کیا گیا۔ادھرسرحدی ضلع کپوارہ میں سیکورٹی فورسز نے زنگ آلودہ شل بر آمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا ۔ فوج اور پولیس نے جمعہ کی شام مشتر کہ طور پر چوکی بل علاقے میں ایک زنگ آلودہ شل بر آمد کر لیا ۔جسے بعد میں ناکارہ بنایا گیا ۔