کرن رجیجو نے ، 8کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹرآف ایکسیلنس کا ورچوئل افتتاح کیا

نئی دہلی،22؍دسمبر(یواین آئی ) نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر کرن رجیجو نے ملک بھر میں 8 کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسیلنس (کے آئی ایس سی ای ایس) کا ریاستوں کے کھیل وزراء کی موجودگی میں ورچوئلی افتتاح کیا۔ ان 8 ریاستوں میں ناگالینڈ، ارو ناچل پردیش، تلنگانہ، منی پور، میزورم، اڈیشہ، کرناٹک اور کیرالہ سمیت 8 ریاستیں شامل ہیں۔ارونا چل پردیش کے کھیلوں کے وزیر مامانٹنگ، ناگالینڈ میں نوجوان وسائل اور کھیلوں (وائی آر ایس) کے مشیر جالے نکھا، منی پور کے وزیر کھیل لیٹپاؤ ہاؤ کپ، میزورم کے وزیر کھیل رابرٹ روماویا اور تلنگانہ کے وزیر کھیل ڈاکٹر وی شرینواس گوڑ کے علاوہ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا ورچوئل طور پر افتتاحی تقریب میں شامل تھے ۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل سندیپ پردھان کے ساتھ سکریٹری (کھیل) روی متل بھی موجود تھے ۔کرن رجیجو نے کہا ، ‘‘یہ ہندوستان میں کھیلوں کے لئے ایک بہت ہی اہم دن ہے اور یہ ملک میں کھیلوں کے کلچر اور بہترین طریقے سے ترقی کے لئے ایک بہت ہی ضروری شروعات ہے ۔ ہندوستان میں نوجوان حکومت ہند اور ریاستی حکومتوں کی پہل کا انتظار کرر ہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ تمام ہندوستانیوں کے لئے کھیل کود طرز زندگی کا ایک طریقہ بننا ہوگا اور حکومت ہند سبھی لوگوں کے لئے بنیادی سہولیات بنانا چاہتی ہے ۔ قومی ایکسیلنس مراکز کے علاوہ کھیلو انڈیا اسٹیٹ سینٹر آف ایکسیلنس کو شروع کیا جار ہا ہے ۔’’مرکزی وزیر نے اعادہ کیا کہ ہندوستان کو لاس اینجلس اولمپک 2028 میں چوٹی کے 10 میں دیکھنے کا خواب ہے ۔ مسٹررجیجو نے کہا کہ ، ‘‘ مرکز اور ریاستی حکومتو کو ایک سال مل کر کام کرنا ہوگا اور ہم سبھی ضروری مالی تعاون دیں گے تاکہ وہ مناسب بنیادی ڈھانچے اور مین پاور ، کھیل سائنس اور اعلیٰ کوالٹی کی تربیت اور دیگر سہولیات فروغ دے سکیں۔ ہم صرف ایک دو تمغوں سے مطمئن نہیں ہوسکتے ، ہمیں 2028 اولمپک میں چوٹی کے 10 میں آنا ہی ہوگا۔’’