سرینگر //شہر کے کئی علاقوں میں درماندہ کرناہ کے مسافروں نے کل احتجاج کرتے ہوئے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اپنے اپنے مقامات تک پہنچایا جائے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں درماندہ کرناہ کے لوگ سوموار کی صبح پریس کالونی پہنچے اور احتجاجی مظاہرے کرنے لگے ۔مظاہرین نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی ۔انہوںنے بتایا کہ کئی روز قبل کرناہ اور وادی میں درماندہ ہوئے مسافروں نے ہیلی کاپٹرکے ذریعے سرینگر سے کرناہ جانے کیلئے ٹکٹ بھی حاصل کئے مگر یہ سہولت سوموار کو بھی مسافروں کو فراہم نہیں کی گئی اور اس طرح یہ مسافر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں ۔احتجاج کرنے والوں میں سرپنچ دلداد کرناہ راجہ عبدالحمید نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایک ہفتے سے کرناہ کپوارہ شاہرہ بند ہے اور سڑک کھولنے میں بیکن حکام مکمل طور ناکام ہو چکی ہے ۔احتجاج کے بعدانہوں نے ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کو بھی ایک یاداشت پیش کی جہاں انہیں یقین دلایا گیا کہ انہیں کرناہ پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔معلوم رہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے مسلسل ٹنگڈار کپوارہ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے 300مسافر جن میں8 مریض اور طلبہ وطالبات بھی شامل ہیں درماندہ ہیں۔