کپوارہ// شمالی کشمیر کے کرناہ میں حد متارکہ کے قریب چورکنجی گائوں ایک ماہ سے زائد عرصہ سے سب ضلع کرناہ سے منقطع ہے اور انتظامیہ چورکنجی کو جانے والی رابطہ سڑک بحال کرنے میں ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے۔ تازہ برف باری کی وجہ سے کرناہ، کیرن اور مڑھل کی سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کے لئے پانچویں روز بھی بند ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ چورکنجی گاؤں کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ’’برف باری کی وجہ سے کونا گبرا سے چورکنجی گاؤں کی رابطہ سڑک گذشتہ ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے بند پڑی ہے اور حکام اب تک رابطہ سڑک بحال کرنے میں ناکام ہے۔‘‘ گاؤں کے لوگوں کے مطابق کونا گبرا سے چورکنجی تک رابطہ سڑک بحال نہ ہونے کی وجہ سے 60 گھرانوں پر مشتمل آبادی سخت مشکلات سے دوچار ہے اور مریضوں کو کاندھوں پر اٹھا کر 4 کلو میٹر تک پیدل چلنا پڑتا ہے ۔ادھر حالیہ برف باری کے سبب کرناہ کپواڑہ سڑک مسلسل 5 ویں روز بھی بند رہی تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے اوربہت جلدگاڑیوں کی آمدودرفت کے لئے بحال کیا جائے گا۔