کرناہ کپوارہ شاہراہ گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال

سرینگر //تین روز تک بند رہنے کے بعد کرناہ کپوارہ شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا گیا ہے جبکہ گریز بانڈی شاہراہ پر بیکن حکام نے سڑک سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا ۔ادھر کیرن اور مژھل کی سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے متواتر طور پر بند ہیں ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرناہ کپوارہ شاہراہ کو سوموار کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دیا ہے ۔اس دوران شاہراہ پر صرف درماندہ ہوئی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ۔سادھنا پر درماندہ مسافروں کے علاوہ صدر ہسپتال میں سوموار کی صبح لقمہ اجل بن گئی ایک خاتون کی لاش کو بھی شام دیر گئے کرناہ پہنچائی گئی  ۔ معلوم رہے کہ حالیہ برف باری کی وجہ سے کرناہ کپوارہ شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی تھی جس دورا ن شاہراہ پر کئی بچے خواتین اور بزرگ درماندہ ہو گئے تھے تاہم انتظامیہ نے سوموار کو شاہراہ کو بحال کر کے خونی نالہ میں پھنسی 4سومو گاڑیوں کے علاوہ ایک ٹاٹا موبائل کو کرناہ جانے کی اجازت دی ۔ان گاڑیوں میں سادھنا پر درماندہ ہوئے افراد کو بھی بٹھاکر کرناہ پہنچایا گیا ۔ایس ڈی ایم کرناہ ڈاکٹر الیاس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر بھاری برف باری ہوئی ہے تاہم انتظامیہ نے شاہراہ کو یکطرفہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کیا ۔انہوں نے کہا کہ درماندہ مسافر اپنی اپنی منزلوں تک پہنچ گئے ہیں اور جس گاڑی میں میت ہے ،وہ بھی شام کو سادھنا کراس کر آ ئی تھی ۔انہوں نے لوگوں سے تلقین کی کہ وہ موسم کو دیکھ کر شاہراہ پر سفر کریں کیونکہ شاہراہ پر پسیاں اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ لاحق ہے ۔ادھر کیرن اور مژھل سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے مسلسل بند پڑھی ہیں کیرن کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کیرن میں 2فٹ برف جمع ہے جس کے نتیجے میں اندروانی رابط سڑکوں کے علاوہ ملیال کیرن سڑک بند ہے جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بیکن حکام کا کہنا ہے کہ گریز بانڈی پورہ شاہراہ پر سوموار کو برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے اور موسم میں بہتری آنے کے بعد اس شاہراہ کو بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دیا جائے گا ۔