سرینگر //کرناہ کے کنڈی پائین گاؤں میں آگ کے پراسرار واقع میں ایک رہائشی مکان مکمل طور پر خاکستر ہو گیا جبکہ دیگر دو مکانوں کو جزوی طور نقصان پہنچا ۔ آگ کے اس واقعہ کو بھی کنڈی بالا کے شیخ محلہ میں رونما ہونے والی پراسرار آگ کی وارداتوں سے جوڑا جا رہا ہے ۔اتوار کی صبح کنڈی بالا گائوں میں محمد الطاف گھگڑ کے مکان سے اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔اس واردات میں لاکھوں روپے مالیت کا ساز سامان جل کر حاکستر ہو گیا ۔ آگ کی ان پراسرار وارداتوں کے بعد پورے گائوں میں افراتفری اور دہشت کا ماحول قائم ہے ۔واضح رہے کنڈی بالا کے شیخ محلہ میں پچھلے کئی روز کے دوران پر اسرار آگ کی ایک درجن سے زیادہ وارداتیں رونما ہوئیں، جس دوران اچانک آگ لگ جانے سے 4 گاؤ خانے 2 گھاس کے ذخیرے مکمل طور پر خاکستر ہو گئے، جبکہ 3 مکانوں کی چھتوں کو نقصان پہنچا ۔ اس محلہ کے لوگوں کے مطابق گھروں میںموجود سامان جیسے بستروں, صندوقوں اور دیگرسامان سے آگ اچانک نمودار ہو جاتی ہے جس کی بظاہر کوئی وجہ نہیں ہوتی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ پھیل جاتی ہے۔ محلہ والے ان واقعات کو جنات کی کارستانی قرار دے رہے ہیں۔ مقامی لوگوں نے اگرچہ بڑے پیمانے پر پیروں فقیروں کی خدمات بھی حاصل کیں اورپولیس اور انتظامیہ نے بھی نفری تعینات کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، جبکہ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی نے تین روز تک عملے اور گاڑی سمیت اپنا سٹیشن ہی اسی محلے میں قائم کیا مگر انتظامیہ گتھی سلجھانے میں ناکام ہوا ۔آگ کی ان واردات کی وجہ سے اس محلہ کے لوگوں نے اپنے گھروں سے قیمتی ساز و سامان نکال کر دوسرے گاؤں اپنے رشتہ داروں کے یہاں منتقل کرنا شروع کر دیاہے۔ اب جہاں یہ اپنا سامان منتقل کرتے ہیں وہاں پر اسرار طور پر آگ لگ جاتی ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے مرکزی دارلعلوم کنڈی کرناہ میں یہ سوچ کر کہ وہاں کلام اللہ کی تعلیم دی جاتی ہے اور پورا دن قران شریف پڑھا یاجاتا ہے شاید وہاںآگ نہ لگے تاہم وہاں پر بھی دو بار آگ ظاہر ہوئی ۔کنڈی بالا کے شیح محلہ میں جن مکانوں کو آگ کی وارداتوں سے نقصان ہوا ہے ،وہاں کے رہنے والے محمد حمید شیخ نامی شہری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح جس گھر میں یہ آگ ظاہر ہوئی ہے وہ میرے داماد کا ہے ۔اُس کا کہنا تھا کہ اس مکان میں اُس نے اپنے گھر سے قیمتی سامان نکال وہاں رکھا تھا ۔حمید کا کہنا ہے کہ اتوار کو جو آگ ظاہر ہوئی وہ بھی اس کے سامان سے اچانک ظاہر ہوئی، جس نے پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔