کپوارہ +شوپیان// شمالی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں جھڑپ کے دوران3جنگجو جا ں بحق ہوئے جبکہ مژھل سیکٹر میں زیر زمین بارودی سرنگ دھماکہ میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوا۔ادھر شوپیان میںجنگجوئوں نے نیشنل کانفرنس کے قانون ساز کونسل ممبر کے گھر کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں سے ہتھیار چھیننے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔جس کے بعد طرفین میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کرناہ میں حد متارکہ پر واقع بلتھریا گلاب پوسٹ پر تعینات 6گڈوال سے وابستہ اہلکاروں نے ہفتہ کی شام جنگجوئوں کے ایک گروپ کو دیکھا جو سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔انہوں نے بتا یا کہ جونہی مسلح جنگجوئو ں نے سرحد عبور کی تو فوجی اہلکار وں نے انہیں للکار ا تاہم جنگجوئو ں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان جھڑپ شروع ہوئی ۔فوج نے دعویٰ کیا کہ اس جھڑپ میں 3جنگجو جا ں بحق ہوگئے ۔فوج نے علاقہ میں مزید کمک طلب کی اور تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔پولیس کے ایک آفیسر نے بتا یا کہ جھڑپ کے مقام پر پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے ۔دریں اثناء مژھل سیکٹر میں 57آر آر کی ایک گشتی پارٹی سرحد کے نزدیک جٹ گلی پر معمول کی گشت پر تھی جس کے دوران فوج کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی باررودی سرنگ پر ایک اہلکار کا پائوں پڑ گیا اور شدت کا دھماکہ ہوا ۔ دھماکے کی زد میں آکر رائفل مین دلبر سنگھ آگیا جو شدید طور پر زخمی ہوا جسے فوری طور پر کپوارہ فوجی اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ادھرشوپیان میں ہفتہ کی علی الصبح قریب ساڑھے 4بجے جنگجوئوں نے این سی لیڈر شوکت احمد گنائی کی رہائش گاہ واقع چھتر گام شوپیان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی چوکی پر دھاوا بول دیا۔ بندوق بردار مذکورہ لیڈر کی رہائش گاہ کے قریب نمودار ہوئے اور رہائش گاہ کے احاطے میں قائم کئے گئے پولیس بینکر پر فائرنگ کی ۔جوابی کارروائی میں پولیس اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی اور فائرنگ کا تبادلہ 15منٹ تک جاری رہا جس کے بعد حملہ آور بھاگنے پر مجبورہوگئے۔مختصر فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں پورا علاقہ لرز اٹھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اسلحہ چھینے کی کوشش تھی ،جس میں حملہ آور ناکام رہے۔دریں اثنائقاضی آ باد لنگیٹ ہندوارہ کے کچھلو کرالہ گنڈ علاقہ میں گزشتہ روز فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان جھڑپ میں ایک فوجی کی ہلاکت کے بعد فوج نے پورے علاقہ کو گھیرے میں لیکر ناکہ بندی کی ہوئی ہے۔معلوم ہو اہے کہ جمعہ کی شام گئے دیر کچھلو میں ایک دھماکہ ہوا ۔ ہفتہ کی صبح یہا ں سومو اڈے کے نزدیک بارودی مواد دیکھا گیا ۔ جس کے بعد یہا ں فوج کی بھاری جمعیت پہنچ گئی اور گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کی جبکہ با رودی مواد کو ناکارہ بنایا گیا ۔ذرائع کا کہنا ہے۔اس دوران کچھلو میں جمعہ کی شب کو با رودی دھماکہ کی وجہ سے کرالہ گنڈ میں بازار دوپہر تک نہیں کھل سکا کیونکہ لوگو ں میں خوف طاری تھا تاہم بعد دوپہر کو کرالہ گنڈ میں دکانیں کھل گئیں اور معمولات بحال ہوگئے ۔
حد متارکہ پر آر پار شبانہ گولہ باری ،سرحد پار شہری ہلاک، 2زخمی
سرینگر /اشفاق سعید /کرناہ سیکٹر میں ہندپاک افواج کے درمیان شبانہ گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک جبکہ 2افراد زخمی ہوئے اور 2مکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔پولیس کے مطابق پاکستانی فوج نے لگاتار سعدپورہ کے بلیک ٹاپ ،شرارت اور دیگر چوکیوں پر فائرنگ کی جبکہ یہاں سے بھی جوابی کارروائی ہوئی۔پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تازہ گولہ باری سے ہجترہ گائوں میں دو بھائی ضمیر احمد اور جہانگیر احمد پاکستانی فوج کی جانب سے داغے گئے شل کے پھٹ جانے کے بعد پتھر لگنے سے زخمی ہوئے ۔گولہ باری سے ہجترہ گائوں میں مشتاق احمد ولد منگتا ملک اور ضمیر احمد ولد شبیر احمد کے مکانوں کو بھی نقصان پہنچا ۔معلوم رہے پچھلے پانچ روز سے دھنی ،ہجرہ اور سعدپورہ علاقے فائرنگ کی زد میں ہیں ۔ادھر پاکستان کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پرڈنہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 65 سالہ شہری مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے ڈنہ سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں موجی گاؤں کا رہائشی 65 سالہ ذوالفقارجاں بحق ہوگیا۔ ادھر اوڑی کنٹرول لائن پر پاکستانی مارٹر شل گرنے سے ایک بیت الخلاء کو نقصان پہنچا۔ سنیچر دن کے 1 بجے اوڑی کنٹرول لائن پر واقع گائوں تھاجل میں پاکستان کی طرف سے ایک مارٹر شل آبادی میں گر کر پھٹ گیا جس کی وجہ سے محمد حسین ولد نور محمد آوان کا غسل خانہ تباہ ہوا۔