کپوارہ/ شمالی کشمیر میں کرناہ کے ٹنگڈار علاقے میں بدھ کو لوگوں نے گذشتہ رات کے دوران کرناہ میں پیش آئے حادثے کو لیکر محکمہ بجلی کے خلاف زور دار احتجاجی مظاہرے کئے ۔
مظاہرین کا الزام تھا کہ محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے ہی گذشتہ رات کے دوران ہاٹی ٹینشن بجلی لائن لوٹینشن لائن کے اُوپرگرنے سے رہائشی مکانوں میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 3 کی موت واقع ہوئی جبکہ متعدد جھلس کر زخمی ہوگئے جن کا علاج و معالجہ سب ضلع اسپتال ٹنگڈار میں جاری ہے ۔
واقعہ کے بعد پورے کرناہ میں ماتم کی لہر دوڈ گئی اور لوگوں کی بڑی تعداد دن چڑھنے کے ساتھ ہی ٹنگڈار میں جمع ہوئے اور اس المناک حادثے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ کرناہ میں بجلی کے ناقص نظام سے ہر وقت کسی بڑے حادثے کا خطرہ ہے اور محکمہ آج بھی ٹنگڈار بازار کے بیچوں بیچ ہائی ٹینشن لائن بچھارہا ہے ۔
دریں اثناء ایس ایچ او، کرناہ وسیم بڈو نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ معاملہ کی نسبت کیس درج کر کے تحقیقات شروع ہوگئی ہے ۔اس دوران ضلع مجسٹریٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ کی نگرانی میں تین رکنی ٹیم تشیکیل دی ہے جس کو اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب کو ٹنگڈار کے ناڑ علاقے میں ہائی ٹینشن بجلی لائن لوٹینشن بجلی لائن پر گرنے کے نتیجے میں رہائشی مکانوں میں شارٹ سرکٹ ہوا جس کے نتیجے میں 3 کی موت ہوئی جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔